وزیراعظم نے موٹروے واقعے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی اور کراچی میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ملاقات کی جس میں سیاسی اور ملکی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا نے کراچی میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی مروا اور گزشتہ رات موٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھایا۔وزیراعظم عمران خان کا ان دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہنا تھا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کی گرفتاری کا ٹاسک دیدیا ہے۔معاون خصوصی برائے داخلہ اور احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لاہور موٹروے پرپیش آنے والے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کا قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنے والے افراد کو پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنائیں۔فیصل واوڈا نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ اگر پھانسی کا قانون نہیں لایا جا سکتا تو کاسٹریشن کا قانون عمل میں لایا جائے۔ عمران خان نے مجرموں کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے موٹروے پر دوران سفر خاتون کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھناؤنی حرکت کرنے والے سیاہ کردار قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔ یہ درندے قانون کے مطابق سزا پائیں گے۔ متاثرہ خاتون کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button