آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے 15 اگست سے اسکول کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا
لاہور(نیوز ڈیسک) آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے 15 اگست سے اسکول کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا، ایسوسی ایشن نے بچوں اور اساتذہ کی حفاظت کے پیش نظر ملک بھر میں نجی تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان نجی تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے کیے جانے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے کرونا وائرس خدشات اور بچوں اور اساتذہ کی حفاظت کے پیش نظر 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا
فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ اعلان کیا گیا ہے کہ اب ملک بھر کے نجی تعلیمی ادارے حکومت کی ہدایات کے مطابق 15 ستمبر سے ہی کھولے جائیں گے۔اس سے قبل بدھ کے روز ہی آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ رواں ماہ کے دوران ملک بھر میں نجی اسکول کھول دیے جائیں گے ۔حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو نہیں مانتے، 15 اگست سے ہر صورت تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ کہا گیا کہ حکومت اگر گرفتاریاں کرنا چاہتی ہے تو کر لے، لیکن نجی تعلیمی ادارے کھول کر رہیں گے۔ اگر حکومت نے زیادتی کی تو پھر اساتذہ کیساتھ لانگ مارچ کیا جائے گا۔ گیلپ سروے کے مطابق بھی 74 فیصد والدین نے اسکولز کھولنے کا مطالبہ کیا ہے لہذاٰ حکومت ہمارے اسکولز کھولنے کے فیصلے کو اپنے ساتھ ٹکراؤ نہ سمجھے بلکہ اس حوالے سے ہماری سرپرستی کرے۔لاکھوں اساتذہ کا روزگار بھی انہی تعلیمی اداروں سے وابستہ ہے۔ تعلیمی اداروں کی بندش سے یہ سارا سلسلہ رک گیا ہے۔ اس ساری صورتحال کا سب سے زیادہ نقصان بچوں کی تعلیم کا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے مارچ کے ماہ میں ہنگامی طور پر ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے تھے۔ ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کو 5 ماہ کا عرصہ ہو چکا۔ جبکہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ حالات بہتر رہے تو 15 ستمبر سے ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔