موٹروے کا ہولناک واقعہ، مریم نواز کا ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ
لاہور(نیوز ڈیسک) موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے واقعے نے سب کے دل دہلا دئیے ہیں۔ہولناک واقعے پر پورے ملک میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔سیاستدانوں سمیت سماجی شخصیات نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔گجرپورہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کےخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے افراد کو گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی رہنما
حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شدید ردِعمل دیا ہے،مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر اجتماعی زیادتی و بے حرمتی کے واقعہ کا سن کر دل دہل گیا ہے۔اس وحشیانہ کاروائی میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچا کر نشان عبرت بنانا لازم ہے۔ یہ معمولی واقعہ نہیں ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ یاد رکھیں، ظلم اور معاشرتی اقدار میں پستی کا مقابلہ کرنا بحثیت قوم ہم سب کی ذمہ داری ہے۔دوسری جانب آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان کے گاؤں تک پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عہدے کا چارج لیا اس واقعے کا نوٹس لیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملزمان تک پہنچ جائیں۔ہم اس گاؤں تک تو پہنچ ہی گئے ہیں جہاں سے ملزمان کا تعلق ہے۔ ہمیں ملزمان تک پہنچنے کے لیے ثبوت مل چکا ہے۔اٹک سے رحیم یار خان تک کوئی واقعہ ہوتا ہے تو پنجاب پولیس اس کی ذمہ دار ہے۔خیال رہے زیادتی کا واقعہ گجرپورہ رنگ روڈ پر پیش آیا، خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی پر لاہور سے گوجرانوالہ جا رہی تھی کہ راستے میں پٹرول ختم ہونے پر گاڑی رنگ روڈ پر رو ک لی۔ خاتون ثنا پریشانی میں گاڑی سے باہر نکلی اور مدد کیلئے فون کرنے میں مصروف تھی کہ 2 ڈاکو پہنچ گئے۔ڈاکوؤں نے خاتون پر تشدد کیا اور پھر زبردستی قریبی کرول جنگل میں لے گئے اور بچوں کے سامنے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، ڈاکو ایک لاکھ روپے نقدی، طلائی زیورات و دیگر اشیا بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ گجر پورہ نے 2 نامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔