نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان کی منسوخی کو شرمناک قرار دیدیا

لاہور (نیوز ڈیسک ) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو امید ہے کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان سے دستبرداری کا فیصلہ پاکستان میں کھیل پر ’دیرپا اثر‘ نہیں ڈالے گا۔ کین ولیمسن نے سیریز کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کیا تھا اور انڈین پریمیئر لیگ کے دوسرے مرحلے میں سن رائزرز حیدرآباد کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تفصیلات نہیں جانتا، یہ اچانک کال تھی لیکن ظاہر ہے کہ ایسے دورہ ختم ہونا شرمناک ہے۔پاکستان میں کرکٹ کی بہت زیادہ حمایت کی جاتی ہے، وہاں بہت زیادہ جذبہ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ لڑکوں کو مایوسی ہوگی کہ انہیں وہاں کھیلنے کا موقع نہیں ملا،

مجھے تفصیلات کے بارے میں یقین نہیں ہے کیونکہ میں آئی پی ایل کے لیے دبئی میں ہوں، میں اگلے چند دنوں میں اس کے بارے میں کچھ اور جانوں گا۔یاد رہے کہ جمعہ کو راولپنڈی میں پہلے ون ڈے سے چند گھنٹے پہلے نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے اپنی حکومت کی جانب سے سکیورٹی الرٹ ملنے کے بعد دورہ ترک کرنے کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے تاہم بہت سے لوگوں نے محسوس کیا کہ کیویز کا یہ فیصلہ بین الاقوامی ٹیموں پر اثر انداز ہو سکتا ہے جو مستقبل میں پاکستان کے سفر کا ارادہ رکھتی ہیں۔ کین ولیمسن کا مزید کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ تمام ممالک اپنی ہوم سیریز اپنے ملک میں ہی کھیلیں گے، یہ ایک بین الاقوامی کھیل ہے اور دنیا بھر خصوصا. پاکستان میں اس کے لیے بہت زیادہ جذبہ ہے۔انٹرنیشنلل کرکٹ پاکستان واپس جاتے دیکھنا واقعی دلچسپ تھا اور میں جانتا ہوں کہ ہماری ٹیم اس دورے کی منتظر تھی، کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور جب آپ حکومت کی طرف سے پیغامات سنتے ہیں تو یہ یقینی طور پر کھلاڑیوں کے بس سے باہر ہوتا ہے۔ کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ کیوی پلیئرز واضح طور پر وہاں کھیلنے کے لیے تیار تھے لیکن اچانک سکیورٹی تھریٹ مل گیا، میں امید کرتا ہوں کہ اس سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ پر کوئی دیرپا اثر نہیں پڑے گا کیونکہ یہ کرکٹ کے لیے ایک خاص جگہ ہے اور کرکٹ کو پاکستان میں واپس جانے اور وہاں محفوظ طریقے سے کھیلنے کے لیے آگے بڑھنے کی بہت سی پیش رفت ہوئی ہے، ہم نے دیکھا ہے کہ یہ کئی مواقع پر ہوتا ہے لہذا امید ہے کہ وہاں بہت زیادہ کرکٹ آنے والی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button