آصف زرداری پھر بیمار ، عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیویارک پراپرٹی کیس میں آصف علی زرداری نے عدالتی سماعت پر حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر پاکستان کی طرف سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیویارک پراپرٹی کیس میں ضمانت کی درخواست پر ہونے والی سماعت سے استثنیٰ مانگا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنے وکلا کے ذریعے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے ، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خرابی صحت کے باعث ذاتی حیثیت میں پیشی سے قاصر ہوں جب کہ درخواست کے ساتھ ضیاء الدین ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی منسلک کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نیب کی سابق صدر آصف زرداری کیخلاف نیویارک پراپرٹی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات کے سلسلے میں سابق صدر آصف زرداری نے اپارٹمنٹ انکوائری کیس میں نیب کو جواب جمع کرا دیا ہے ، سابق صدر نے نیویارک فلیٹ کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے نیب سے مہلت مانگ رکھی تھی ، آصف زرداری نے اپنے جواب میں آگاہ کیا کہ امریکہ میں موجود فلیٹ میری ملکیت نہیں، جس سال اپارٹمنٹ خریدا اسی سال ہی فروخت کر دیا گیا تھا۔دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مشکوک ٹرانزیکشن کے کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو 29 ستمبر کو فرد جرم کیلئے طلب کر لیا ، 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس میں وفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر فرد جرم کی تاریخ مقرر کر دی ہے ، سابق صدر پاکستان کو 29 ستمبر کو فرد جرم کیلئے طلب کیا گیا ہے جب کہ ان کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمد کو اشتہاری قرار دے کر کیس الگ کردیا۔بتایا گیا ہے کہ آصف زراری کے فرنٹ مین کو احتساب عدالت نے بذریعہ اشتہار طلب کر رکھا تھا جہاں عدالت نے مشتاق احمد کو 9 ستمبر تک پیش ہونے کی آخری مہلت دے رکھی تھی لیکن وہ عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے جس کی بناء پر آصف علی زرداری کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمد کو اشتہاری قرار دے کر کیس الگ کرتے ہوئے ان کے شناختی کارڈ بلاک اور جائیداد ضبطگی کی کارروائی بھی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button