پاکستان کرکٹ بورڈ کی انگلش ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے کی پیشکش

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلش ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے کی پیش کش کردی، پی سی بی نے تمام میچز لاہور یا کراچی منتقل کرنے کی بھی آفر کی ہے، انگلش کرکٹ بورڈ آئندہ ایک روز میں جواب دے گا۔ تفصیلات کے مطابق کیوی کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر دورہ منسوخ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلش بورڈ سے رابطہ کیا ہے۔جس میں پی سی بی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے کی پیش کش کردی۔ پی سی بی نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ہر لحاظ سے بالکل محفوظ ترین ملک ہے، انگلش ٹیم کو پاکستان میں بھرپور سکیورٹی دی جائے گی۔

پی سی بی نے انگلش بورڈ کو یہ بھی پیشکش کی ہے کہ تمام میچز کو راولپنڈی سے لاہور یا کراچی منتقل کردیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ آئندہ ایک دو روز میں اپنے جواب سے پی سی بی کو آگاہ کرے گا۔واضح رہے گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز سکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ ہوگئی ہے ۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا کہ انہیں سیکورٹی خدشات ہیں، اس لئے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے، ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی۔وزیراعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سکیورٹی انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کی سکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے، لیکن نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ازحد احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ پاکستان اور دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کیلئے یقینا ایک افسوسناک خبر ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اچانک سکیورٹی خدشات کو ایشو بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے، جس پر دنیا بھر کے شائقین کرکٹ اور کرکٹ کے کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پراپنے بھرپور تاثرات اور جذبات کا اظہار کیا۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پی سی بی کو ایک سے ڈیڑھ ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ ہونے کے بعد سیریز انشورڈ ہونے کے باوجود انشورنس کمپنی سے ایک دھیلا نہیں ملے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button