فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے برگر سے گلی سڑی انسانی انگلی برآمد، برانچ عارضی طور پر بند

لاپاز(این این آئی)جنوبی امریکی ملک بولیویا میں ایک خاتون نے فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ سے برگر خریدا جس میں سے گلی سڑی ایک انسانی انگلی برآمد ہوئی ۔برطانوی میڈیا کے مطابق بولیویا کے شہر سانتا کرو ڈی لا سیئرا کی رہائشی خاتون سٹیفنی بینز نے بتایا کہ میں نے ایک ریسٹورنٹ سے ہاٹ برگر خریدا اور جب ایک لقمہ لیا تو بدبو محسوس ہوئی جب لقمے کو منہ سے نکال کر دیکھا تو اس میں گوشت کا ایک ایسا ٹکڑا موجود تھا جس سے بدبو آ رہی تھی۔سٹیفنی نے بتایا کہ جب میں نے باقی برگر کھول کر دیکھا تو اس میں گلی سڑی ایک انسانی انگلی موجود تھی اور لقمہ لینے سے اسی انگلی کا ایک حصہ کٹ کر منہ میں چلا گیا تھا۔ سٹیفنی نے بتایا کہ برگر اور اس سے برآمد ہونیوالی سڑی ہوئی

انسانی انگلی کو میں نے فیس بک اکائو نٹ پر پوسٹ کیا اور شہریوں کو اس وحشت ناک واقعے کے متعلق بتایا ہے۔ سٹیفنی نے بتایا کہ میں نے ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کو برگر سے انسانی انگلی نکلنے کی شکایت بھی کی ہے لیکن ریسٹورنٹ کی طرف سے اس پر کان نہیں دھرے گئے جس پر میں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کی طرف سے تحقیقات کے بعد بتایا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ کے ایک ملازم کی کام کے دوران حادثے کے سبب شہادت کی انگلی کا کچھ حصہ کٹ گیا تھا جو غلطی سے کسی طرح اس برگر میں چلا گیا۔یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور حکومت نے بھی اس پر نوٹس لے لیا اور مذکورہ برانچ کو عارضی طور پر بند کر تے ہوئے کمپنی کو جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button