ن لیگ کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی جدوجہد کرے،نواز شریف

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو حکومت میں لاکر ملک میں بحرانی کیفیت پیدا کردی گئی، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ آج پوری قوم کا بیانیہ بن چکا ہے، مسلم لیگ ن کی ذمہ داری ہےملک کو بحرانوں سے نکالنے کی جدوجہد کرے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی زیر صدارت ڈی جی خان ڈویژن کی تنظیم سازی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں نائب صدر مریم نواز، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، پرویز رشید، صوبائی صدر رانا ثناء اللہ، عظمیٰ بخاری، ذیشان رفیق، نزہت صادق ودیگر پارٹی رہنماء موجود تھے۔

پارٹی قائد میاں نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ میرا ذاتی نہیں ہے، یہ پوری قوم کا بیانیہ بن چکا ہے، یہ لوگ پاکستان کو جن حالت تک لے آئے ہیں اس سے عام آدمی تنگ ہے، لوگ بھوک سے مررہے ہیں، اشیاء خوردونوش کی خریداری کےلیے لمبی لائنیں لگی ہیں، سلیکٹڈ کو لاکر ملک میں بحرانی کیفیت پیدا کردی گئی ہے۔نوازشریف نے کہا کہ الحمدللہ مسلم لیگ ن آج بھی سب سے بڑی جماعت ہے، مسلم لیگ ن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو ان حالات سے نکالنے کےلیے جدوجہد کرے۔اجلاس میں میاں نوازشریف نے اپنی جماعت کو 30 دنوں میں یونین کونسل کی سطح پر تنظیمیں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کی صوبائی حلقوں تک تنظیمیں مکمل ہیں، آخری مرحلہ یونین کونسل کی تکمیل کا ہے، میاں نوازشریف کی ہدایات تھی اسی لیے میٹنگ طلب کی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پارٹی کو گراؤنڈ لیول تک مضبوط کرنا اور تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنا پہلی ترجیحی ہے۔سیکرٹری جنرل پنجاب اویس لغاری نے میاں نوازشریف کو خوش آمدید کہا اور جنوبی پنجاب میں پارٹی کی تنظیم سازی کے متعلق آگاہ کیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے میٹنگ میں تجاویز پیش کیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں خواتین، طلبہ اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں کو ترجیحی دی جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button