سابق بھارتی فوجی نے فلم کی تصویر سے پنج شیر میں پاک فوج کی موجودگی کا جھوٹا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )بھارت پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا ، یہی وجہ ہے کہ بھارت پاکستان کے حوالے سے کسی نہ کسی ایسی بات کی تلاش میں ہوتا ہے جس پر وہ پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کر سکے اور عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کر سکے ، ایسی ہی ایک کوشش حال ہی میں بھارت کے ایک سابق فوجی نے بھی کی۔بھارت کے ریٹائرڈ فوجی افسر نے پاکستانی فلم یلغار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے افغانستان کی وادی پنج شیر میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت کا جھوٹا دعویٰ کردیا۔ بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈ میجر جنرل نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر

اپنے پیغام میں دنیا کو یہ بتانے کی کوشش کہ پنجشیر میں جھڑپوں کے دوران پاکستانی فوجی شہید ہوئے ہیں۔ریٹائرڈ میجر جنرل کے ٹویٹ کے بعد اس پر تبصرے شروع ہوگئے۔ایک ٹویٹر صارف نے پاکستانی گلوکار عمیر جسوال، اداکار شان شاہد اور بلال اشرف کی فوجی کپڑوں میں تصویر کمنٹ میں شیئر کی اور لکھا کہ میرے اسکول کے دنوں کے دوست پنجشیر میں شہید ہوچکے ہیں، گذشتہ روز ان کی پشاور میں تدفین کی گئی۔ سابق بھارتی فوجی پر طنز کرتے ہوئے صارف نے کہا کہ آئی ایس پی آر ہلاکتوں کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، وہ بہادری سے لڑے اور انہیں اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کرنا چاہیے تھا، یہ پاک فوج کی جانب سے ناانصافی ہے۔جنرل بخشی نے درحقیقت، یونیفارم میں ملبوس 2 افراد کا حوالہ دیا وہ مقبول پاکستانی اداکار شان شاہد اور عمیر جسوال ہیں اور دونوں میں سے کوئی بھی مسلح افواج کا رکن نہیں ہے۔ تاہم بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔ اداکار شان شاہد نے جنرل بخشی کے ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے انہیں ”ہیلو ” کہا اور لکھا پاکستان زندہ باد۔جبکہ عمر جسوال نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں اپنی تصویر شئیر کی اور لکھا کہ ”ہیلو ڈیئر فرام پاکستان ”۔پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کرنے پر ایک مرتبہ پھر بھارت کو منہ کی کھانا پڑی ، پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والا بھارت خود اپنی ہی جگ ہنسائی کا سبب بن گیا۔ واضح رہے کہ جی ڈی بخشی جن کا بھارتی فوج میں طویل کیریئر تھا اور وہ فوجی تاریخ میں پی ایچ ڈی کر چکے ہیں، بھارتی ٹی وی پر جعلی خبروں اور بیان بازی کے لیے شہرت رکھتے ہیں

۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی بھارتی میڈیا کی دو سال پرانی امریکی خبر دکھا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی۔ بھارت نے افغان صوبے پنجشیر میں پاکستان کا ایف 16 طیارہ تباہ ہونے کا الزام لگایا لیکن تصویر 2018ء کی امریکہ میں گرنے والے طیارے کی دکھاتے رہے۔ بھارت نے امریکہ میں دوران مشق تباہ ہونے والے طیارے کو پاکستان کا بتا کر ہرزہ سرائی کی بھرپور کوشش کی۔2018ء میں امریکی ریاست ایریزونا میں تباہ ہونے والے طیارے کی خبر کو جعلی پروپیگنڈا کرتے ہوئے رپورٹ کیا کہ پاکستانی طیارہ افغانستان کی وادی پنجشیر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

مزاحمتی افغان رہنما احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر ہینڈل نے زمین بوس طیارے کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہمارے شیروں نے پاکستانی جنگی طیارہ مار گرایا۔تاہم بعد ازاں انہوں نے یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔ لیکن بھارتی میڈیا پاکستان کی مخالفت میں ویڈیو گیم کی فوٹیج چلا کر پنج شیر میں پاک فضائیہ کی بمباری کا جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا۔ بھارت کے اس دعوے کا پول اس وقت کھلا جب ویب سائٹ ”بوم” نے نشاندہی کی کہ یہ ویڈیو افغانستان میں تنازع کی نہیں بلکہ ایک ویڈیو گیم ”آرما-3” سے لی گئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button