ہارر فلمیں دیکھیے اور دو لاکھ روپے کمائیے!

فلوریڈا: ایک امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی شخص اس کی نگرانی میں 13 ہارر فلمیں دیکھے گا تو اسے 1300 ڈالر (2 لاکھ 18 ہزار پاکستانی روپے) دیئے جائیں گے۔یہ اعلان ’’فائنانس بز‘‘ نامی ایک میڈیا کمپنی نے کیا ہے جو عام لوگوں کو مالیاتی امور سے متعلق مشورے دیتی ہے اور اس بارے میں اپنی ویب سائٹ پر بلاگز اور مضامین بھی شائع کرتی ہے۔ہارر فلموں میں ناظرین کو خوفزدہ کرنے والی آوازیں اور مناظر پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے لیکن ضروری نہیں کہ ہارر فلم دیکھنے والا خوف کے احساس میں مبتلا بھی ہوجائے۔اس تجربے کے ذریعے ’’فائنانس بز‘‘ یہ جاننا چاہتی ہے

کہ کم اور زیادہ بجٹ والی ہارر فلمیں ناظرین کو کس حد تک خوفزدہ کرتی ہیں۔ یعنی کسی ہارر فلم پر آنے والی لاگت اور اس کے ’’خوفناک‘‘ ہونے میں کوئی تعلق ہے یا نہیں؟اس مقصد کےلیے کسی ایک شخص کو منتخب کیا جائے گا جسے دل کی دھڑکنوں پر نظر رکھنے والے ’’فٹ بِٹ‘‘ (FitBit) آلے سے لیس ہونے کے بعد 13 ہارر فلمیں دیکھنا ہوں گی۔یہ فلمیں اسے گھر پر اکیلے بیٹھ کر دیکھنا ہوں گی جبکہ اس دوران ’’فٹ بِٹ‘‘ سے اس کے دل کی دھڑکنوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ نوٹ کیے جاتے رہیں گے۔تجربے کےلیے جن فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں ایمٹی ویلی ہارر، اے کوائٹ پلیس (پارٹ 1 اور 2)، کینڈی مین، انسائیڈیئس، دی بلیئر وِچ پروجیکٹ، سنسٹر، گیٹ آؤٹ، دی پرج، پیرانارمل ایکٹیویٹی اور ہیلووین (2018، ری میک) شامل ہوں گی۔منتخب ہونے والے شخص کو 1300 ڈالر کے علاوہ 50 ڈالر مالیت کا گفٹ کارڈ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ ان فلموں کو (اسٹریمنگ سروس سے) دیکھنے کا معاوضہ دے سکے۔اس انوکھے تجربے کےلیے امریکا میں رہنے والا کوئی بھی شخص درخواست دے سکتا ہے، تاہم ایسے ایک شخص کا انتخاب ’’فائنانس بز‘‘ کی انتظامیہ حتمی طور پر خود ہی کرے گی۔کمپنی کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن شروع ہوچکی ہے جو 26 ستمبر 2021 تک جاری رہے گی۔ منتخب فرد کا اعلان یکم اکتوبر کو کیا جائے گا، جسے 4 اکتوبر تک ’’فِٹ بِٹ‘‘ بھجوا دیا جائے گا۔اس کے بعد منتخب فرد کو 9 سے 18 اکتوبر تک یہ تمام ہارر فلمیں (فِٹ بِٹ پہن کر) دیکھنا ہوں گی۔’’فائنانس بز‘‘ کے مطابق، اس سال ہیلووین کے تہوار پر وہ اپنے صارفین کو اُن ہارر فلموں سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں جو صحیح معنوں میں خوفزدہ کرنے والی ہوں، چاہے ان کا بجٹ کتنا ہی کم یا زیادہ کیوں نہ ہو۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button