حکومت سے ناراضی ختم ،سرداریار محمدرند نے دوبارہ بلوچستان کابینہ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے دوبارہ صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سرداریارمحمد رند نے صوبائی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے وزراء اور ارکان اسمبلی سے ملاقات کے بعد صوبائی کابینہ میں دوبارہ شامل ہونے کا اعلان کیا۔ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل، صوبائی مشیر بلدیات گہرام بگٹی اور صوبائی وزیر سلیم کھوسہ اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل سردار یار محمد رند حکومت سے ناراض ہوکر مستعفی ہوگئے تھے

آج ہم ان کو منانے کے لیے ان کے گھر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سردار صاحب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دوبارہ اپنا وزارت کا عہدہ سنبھالیں اور بلوچستان کی عوام کی خدمت کریں، ان کے استعفیٰ دینے کی وجہ سے بلوچستان کے عوام پریشان ہیں۔جس پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیدر سردار یارمحمد رند نے کہا کہ میں نے ڈھائی ماہ قبل ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفیٰ نہیں دیا تھا بلکہ اپنے حلقے میں بے جا مداخلت ، بجٹ میں نظر انداز کیے جانے اور اپنے ڈریم پراجیکٹ کے مسترد ہونے پر دلبرداشتہ ہوکر استعفیٰ دیا تھا۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ مجھے اب صوبائی وزراء کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ اب میرے حلقے میں مداخلت نہیں کی جائے گی اور اسی بناء پر میں دوبارہ صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ میرے کوئی اختلافات نہیں ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان صاحب تین بار بلوچستان آئے اور ایک بار بھی انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی جس کا مجھے بے حد دکھ ہے۔ عمران خان نے ہمیں خود اپنے حقوق کے لیے لڑنا سکھایا ہے۔ جام کمال خوش نصیب ہیں کہ ان کو ہمارے جیسے کمزور اتحادی ملے ہیں۔واضح رہے کہ سرداریارمحمد رند نے رواں سال 25 جون کو وزیراعلیٰ بلوچستان جام سے اختلافات کے بعد وزیر تعلیم بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا ، انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آج کے بعد میں کابینہ کا حصہ نہیں ہوں، میں بلوچستان حکومت میں مزید نہیں رہ سکتا، میرے خاندان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار بلوچستان حکومت ہوگی۔ تاہم ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا گیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button