پنجاب میں نو ویکسین، نو سروس کا فارمولانافذ

لاہور (نیوزڈیسک)پنجاب بھر میں ویکسی نیشن نہ کروانے والے شہریوں کے لیے نو ویکسینیشن نو سروس کا فارمولا نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ ویکسی نیشن نہ کروانے والے شہریوں کے لیے مزید پابندیاں عائد کرنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس فارمولا کے تحت ویکسین نہ لگوانے والوں کو آج سے پیٹرول نہیں ملے گا۔ اس کے علاوہ لاہور سمیت پنجاب میں ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو ٹرانسپورٹ میں جگہ نہیں ملے گی۔ایسے افراد کو ریسٹورنٹ میں کھانا اور ہوٹل میں بُکنگ بھی نہیں دی جائے گی۔ مزید برآں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے کورونا ویکسین نہ لگانے والے پانچ ہزار لیسکو ملازمین کی تنخواہ بھی روک لی

اور تنخواہوں کی ادائیگی ویکسین لگوانے سے مشروط کردی۔دوسری جانب کورونا سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے ملک میں ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد کم کر کے سترہ سال کردی ہے۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے تین ہفتوں کے دوران چوتھی مرتبہ 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے کے بعد حکومت نے ویکسینیشن نہ کرانے والوں پر یکم ستمبر یعنی یوم ھٰذا سے مزید پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 101 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 25 ہزار 889 ہوگئی۔پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 63 ہزار 688 ہوگئی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز 12 سال سے زائد عمر والوں کو لگائی جائے گی، اور صرف ان لوگوں کو لگائی جائے گی جو ملک سے باہر جا رہے ہوں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button