غریب کا جینا محال ہوگیا،آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا

لاہور (آن لائن)حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر کی فلور ملوں کو گندم کا سرکاری کوٹہ جاری نہ کرنے کے باعث آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں مزید 30 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے اس اضافے کے بعد 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 11 سو 20 روپے سے بڑھ کر 1 ہزار 150 روپے ہوگئی ہے واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کااضافہ ہواہے۔واضح رہے کہ حکومت نے گندم کی فی من قیمت 1800 روپے مقرر کی ہے ۔ گندم کی قیمت کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1060 روپے میں فروخت ہونا چاہیے ۔

لیکن مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1060 کی بجائے 1130 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔کل تک مارکیٹ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1120 روپے تھی جس میں 10 روپے اضافہ ہو گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہو گا ۔عاصم رضا چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب نے کہا کہ جب آٹے کی قیمت بڑھنا شروع ہو تو حکومت کو مداخلت کر کے اس کو روکنا چاہیے ۔حکومت نے یکم اکتوبر کو گندم کا سرکاری کوٹہ جاری کرنا تھا مگر اب اس میں تاخیر ہونے کا امکان ہے ۔محکمہ خوراک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلی مارکیٹ میں وافر مقدار میں گندم موجود ہے لہذا ملوں کو گندم کا سرکاری کوٹہ اگلے ماہ جاری کیا جائے گا ۔ وزیر خوراک نے بھی ایک خبر میں گندم کے سرکاری کوٹا تاخیر سے دینے کا عندیہ دیا ہے ۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور ان کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر خوراک سید فخر امام، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، جمشید اقبال چیمہ اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک بھر میں عام آدمی کے استعمال میں آنے والی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ خصوصاً منڈی اور پرچون کے نرخوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا، اس کے علاوہ ملک میں چینی اور گندم کے موجود اسٹاک اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button