کورونا کیسز میں اضافہ ، اسلام آباد کے مختلف علاقے سیل کردیے گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسلام آباد کے مختلف علاقے سیل کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر شہر کی مختلف گلیوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس سلسلے میں اسلام آباد کی انتظامیہ نے 16 گلیوں کو سیل کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیکٹر جی سیون ٹو کی گلی نمبر 54 اور 56 کو سیل کیا جائے گا ، سیکٹر آئی ٹین ٹو کی گلی نمبر 9 ، سیکٹر جی نائن ٹو کی گلی نمبر ایک ، سیکٹر جی نائن ون کی گلی نمبر 34 اور 52 میں بھی اسمارٹ لاک ڈاون نافذ ہوگا ،

اس کے علاوہ سیکٹر ای الیون فور کی گلی نمبر 11 ، سیکٹر آئی ٹین فور کی گلی نمبر 112 ، سیکٹر جی نائن تھری کی گلی نمبر 2 ، 8 ، 10 ، 70 ، 77 ، 122 ، 125 اور 126 کو بھی بند کیا جارہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاون والے علاقوں میں غیر ضروری نقل وحرکت پر پابندی ہو گی ، تاہم سیل ہونے والی تم گلیوں میں اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھلے رہنے کی اجازت ہوگی جب کہ نوٹی فکیشن کا اطلاق فوری ہو گا۔ دوسری جانب پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے فیصلہ ساز ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر نے کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایس او پیز کے اطلاق کا دائرہ کار ملک کے 27 شہروں تک بڑھا دیا ، اس سے پہلے کورونا ایس او پیز 13 شہروں میں نافذ تھیں تاہم اب کورونا پابندیاں پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مزید 14 شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے اور ایس او پیز کے اطلاق کا دائرہ کار ملک کے 27 شہروں تک کردیا گیا ہے ، جس کے تحت تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی ، ہفتے میں 2 دن تمام مارکیٹس بند رہیں گی ، ریسٹورنٹس میں انڈ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی ، رات 10 بجے تک آوٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی تاہم ٹیک اوے سروس 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔بتایا گیا ہے کہ کنٹیکٹ کھیلوں پر پابندی جاری رہے گی صرف ویکسی نیڈ افراد ہی انڈور جم جاسکیں گے ، انڈور شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی ، 300 مہمانوں کے ساتھ آؤٹ ڈور تقریبات کی اجازت ہوگی ، آؤٹ ڈور شادیوں کی

تقریبات کے اوقات رات 10 بجے تک برقرار رہیں گے ، مزارت پرزائرین کی آمد پر پابندی جاری رہے گی ، سرکاری اور نجی دفاتر کے لیے عام دفتری اوقات کار 50 فیصد کے ساتھ جاری رہیں گے۔این سی او سی کے مطابق پابندیوں کا اطلاق اسلام آباد اور پنجاب میں لاہور ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، ملتان ، بہاولپور ، خانیوال ، خوشاب ، رحیم یار خان اور میانوالی میں ہوگا ، صوبہ سندھ میں حیدرآباد اور کراچی ، آزاد کشمیر میں مظفرآباد اور میرپور میں بھی پابندیوں کا اطلاق ہوگا ، گلگت بلتستان میں گلگت اور سکردو خیبرپختونخوا میں پشاور ، سوات ، ہری پور ، مانسہرہ، لوئر دیر، صوابی ، ایبٹ آباد اور چترال لوئر میں پابندیوں نافذ رہیں گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button