افغانستان کی بدلتی صورتحال ، امریکہ نے پاکستان سے رابطہ کرلیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) افغانستان کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر امریکہ نے پاکستان سے رابطہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی جے بلنکن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دونوں رہنماوٴں نے افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پراتفاق کیا جب کہ اس دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مختصرعرصے میں صورتحال میں نمایاں تبدیلی اورتشدد سے بچنے کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظرسے آگاہ کیا

اور آگے بڑھنے کے بہترین راستے کے طور پر جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پرامن اورمستحکم افغانستان کے لیے امریکہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا ، افغانستان کے ساتھ امریکی اقتصادی روابط جاری رکھنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے امریکی ہم منصب کو سفارتی مشنوں ، بین الاقوامی تنظیموں ، میڈیا اور دیگر عملے کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کی پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کو ترک صدر طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا ہے اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ، وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے بین الاقوامی سفارتی عملے کے کابل سے انخلا میں تعاون کر رہے ہیں ، قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں افغان صورتحال کا جائزہ لیں گے ، وزیراعظم نے ترک صدر سے بات چیت کے دوران افغان تنازع کے سیاسی حل کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا جب کہ دونوں رہنما قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد صورتحال پر دوبارہ مشاورت کریں گے۔اُدھر ترکی کے بعد چین اور روس نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ کابل میں اپنے سفارتخانے فعال رکھیں گے ، چین نے افغانستان میں اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی جگہوں پر رہیں اور یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ چین نے افغانستان میں مختلف فریقین سے اپنے لوگوں کی حفاظت کے بارے میں بات کی ہے ، اسی طرح روس کی وزارت خارجہ نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ اس کا کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور وہ کام جاری رکھے گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button