فکس اٹ کے بانی ٹریکٹر لے کر سڑکوں پر نکل پڑے
کراچی (نیوز ڈیسک)شہر قائد میں طوفانی بارشوں کے بعد فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان نے صفائی مہم شروع کردی ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عالمگیرخان نے اس سلسلے میں ایک وڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ٹریکٹر پر بیٹھے جارہے ہیں ، وڈیو پیغام کے ساتھ انہون نے لکھا ہے کہ کراچی کے علاقے کھارادر میں صفائی مہم جاری ہے کیونکہ یہ شہر ہمارا ہے ، ہم ہی اس کے وارث ہیں اور ہمیں خود ہی اس شہر کو صاف رکھنا ہوگا ۔یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقوں ڈیفینس اور کلفٹن سے بارش کا پانی نہ نکالے جانے اور صفائی نہ ہونے پر احتجاجی
مظاہرے کیے گئے ، علاقہ مکینوں کی جانب سے کنٹونمٹ بورڈ (سی بی سی) کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شامل مظاہرین کی بڑی تعداد نے سی بی سی کے خلاف نعرے بازی کی اور سی بی سی کی عمارت کے اندر داخل ہونے کی بھی کوشش کی ، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ کی انتظامیہ سیوریج کے پانی کو نکالنے کیلئے نظام کو بہتر بنائے ، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور علاقے کی صفائی کی جائے ، سکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری سی بی سی دفتر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کرنے کی اطالاعات بھی موصول ہوئیں ، احتجاج کے حوالے سے منصوبہ بندی سوشل میڈیا پر کی گئی کیونکہ علاقے کی عوام 5 دن سے بجلی، گیس، اشیائے خودرونوش اور پینے کے پانی کی کمی کا شکار تھے ، جس کی بنا پر سوشل میڈیا پر سی بی سی اور ڈی ایچ اے کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کی دعوت دی گئی اور جیسے ہی زیادہ سے زیادہ افراد نے احتجاج میں شرکت کیلئے آمادگی ظاہر کی تو چند ایسی ویڈیوز بھی منظر عام پر آئیں جن میں سی بی سی کے دفتر کے باہر سکیورٹی اہلکاروں اور گاڑیوں کو دیکھا گیا جس پر کئی صارفین نے انتظامیہ پر تنقید کی۔