نازیہ حسن کو ان کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے زہر دیا، گلو کارہ کے بھائی زوہیب حسن کا الزام

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 21برس بیت گئے، دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی ان کے گیت آج تک بے حد مقبول ہیں۔ مرحومہ کے بھائی زوہیب حسن نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہن نازیہ حسن کو ان کے سابقہ شوہر نے زہر دیا تھا ۔ زہر دینے کا نازیہ حسن نے خود اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بتایا ۔نجی ٹی وی کے مطابق زوہیب حسن نے کہا ہے کہ نازیہ حسن نے اپنے شوہر اشیتاق بیگ کے ظلم سے تنگ آکر طلاق لی تھی ۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ ہم نے اپنی بہن نازیہ کی شادی اشتیاق بیگ سے کروائی ۔

دوسری جانب پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 21برس بیت گئے، دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی ان کے گیت آج تک بے حد مقبول ہیں۔پاکستان میں پاپ میوزک کی بانی اورسریلی آواز کی مالک نازیہ حسن نے3 اپریل 1965 کو کراچی میں آنکھ کھولی، انہوں نے اپنا بچپن کراچی اور لندن کے تعلیمی اداروں میں گزارا۔1975میں گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے پروگرام "کلیوں کی مالا ” سے کیا۔جس کا گانا”دوستی ایسا ناتا” بہت مقبول ہوا۔ نازیہ حسن نے 15 سال کی عمر سے گانے کا آغازکیا اور اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل ڈسکو اور پاپ گانے متعارف کرائے۔معروف گلوگارہ نے ہمیشہ اپنی آواز کے ذریعے دوسروں میں خوشیاں بانٹیں، کئی سالوں تک ان کے البمز چھائے رہے۔70 کی دہائی کے اواخر میں ان کی شہرت لندن بھر میں پھیل چکی تھی، جس پر معروف موسیقار بِڈو نے ان سے رابطہ کیا اور یوں پہلا البم ڈسکو دیوانے وہیں پر ریکارڈ ہوا جس نے آدھے ایشیا کو اپنے سحر میں جکڑ لیا کیونکہ اس میں انگریزی، اردو، ہندی، کلاسک، ڈسکو اور پاپ سب کی جھلک تھی۔ "ڈسکو دیوانے” چودہ ملکوں میں سنا گیا اور اس وقت ایشیا کے بہترین گانوں میں شمار ہوا۔انہی دنوں انڈین اداکار و ہدایت کار فیروز خان قربانی نامی فلم بنا رہے تھے جس کے لیے انہیں ایسی الگ آواز کی تلاش تھی جو صرف نازیہ حسن کی تھی، ان سے رابطہ کیا گیا اس وقت ان کی عمر صرف پندرہ سال تھی، وہی گانا فلم کے ہٹ ہونے کا باعث بنا ۔

نازیہ اور زوہیب نے پاکستان میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھی، ڈسکو دیوانے کے علاوہ بوم بوم، ینگ ترنگ، ہاٹ لائن اور کیمرہ بھی ان کے البم ہیں۔ ان کے گانے پاکستان اور انڈیا ہی نہیں امریکا برطانیہ اور روس کے میوزک چارٹس میں بھی ٹاپ پر رہے۔نازیہ حسن کو کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا گیا،انہوں نے 15 سال کی عمر میں فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا ۔نازیہ حسن کو پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز پرائڈ آف پرفارمنس کے علاوہ ، پلاٹینیم، ڈبل پلاٹینیم اور گولڈن ڈسکس ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔نازیہ صرف گلوکارہ ہی نہیں سیاسی تجزیہ نگار کے طور پر اقوام متحدہ سے وابستہ رہیں،

1991میں انہیں پاکستان کا ثقافتی سفیر مقرر کیا گیا۔نازیہ حسن پہلی پاکستانی ہیں، جنہوں نے فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا اور بیسٹ فیمیل پلے بیک سنگر کی کیٹیگری میں کم عمر ایوارڈ جیتنے والی گلوکارہ قرار پائیں۔1997میں نازیہ حسن رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئیں لیکن ان کی شادی ناکام ہو گئی، بعد ازاں نازیہ حسن نے 2000 میں اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی۔نازیہ حسن پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث13 اگست 2000کو لندن کے ایک ہسپتال میں صرف 35 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button