بیٹے کی شادی میں شرکت کیلئے لندن نہیں جاؤں گی، مریم نواز

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اپنے صاحبزادے کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے لندن نہیں جائیں گی، انہوں نے کہا کہ جب والدہ فوت ہوئی تو جیل میں تھی، اب بیٹے کی خوشیوں میں بھی شریک نہیں ہو سکوں گی، حکومت سے درخواست نہیں کروں گی، اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں۔ انہوں نے بیٹے کی شادی میں شرکت سے متعلق خبروں پر ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جب والدہ فوت ہوئی تو میں جیل میں تھی، اب میں بیٹے کے نکاح کی تقریب میں بھی شرکت نہیں کرسکوں گی، میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں۔حکومت سے باہر جانے کیلئے کوئی درخواست نہیں کروں گی۔

میں اپنے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکوں گی۔شرکت نہ کرنے کی وجہ میرے خلاف جعلی کیس اور نام ای سی ایل میں ہونا ہے۔ اس سے قبل ذرائع کی جانب ایک خبر سامنے آئی تھی کہ مریم نواز لندن جانے کیلئے عدالت سے رجوع کریں گی، مریم نواز عدالت سے 2 ہفتوں کیلئے لندن جانے کی اجازت مانگیں گی۔واضح رہے مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تاریخ طے پا گئی ہے ، مہمانوں کو دعوت نامے بھی بھیج دیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کے صاحبزادے کی شادی قومی احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف سے ہورہی ہے ، جن کا نکاح رواں ماہ 22 اگست کو لندن میں ہوگا ، نکاح کی یہ تقریب لندن کے لینزبرو میں ہائیڈ پارک کارنر میں ہوگی ، مذکورہ تقریب کے دعوت نامے بھی مہمانوں کو ارسال کردیے گئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ عائشہ سیف یونیورسٹی کالج آف لندن کی فارغ التحصیل ہیں جب کہ محمد جنید صفدر نے بھی برطانیہ سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے ، جنید صفدر اور عائشہ سیف کے رشتے کی بات قائد ن لیگ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز نے اپنی وفات سے قبل طے کرائی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button