اقلیتوں کو تمام حقوق فراہم کر رہے ہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقلیتوں کو تمام حقوق فراہم کر رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی کے لیے پر عزم ہیں جبکہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقلیتوں کے فعال کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو تمام حقوق کی فراہمی کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا اور بین المذاہب ہم آ ہنگی کا فروغ ترقی پسند معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اقلیتوں کو تمام آئینی، قانونی اور معاشرتی حقوق فراہم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستا ن کے صدراشرف غنی کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے لیکن افغانستان کی جانب سے الزامات پر پھر بھی ہمارا رویہ مثبت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں اور افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار مثبت رہا ہے۔ آج بھی دوحہ میں امن مذاکرات میں پاکستانی وفد شامل ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی قیام امن کے لیے کی گئی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں جبکہ دنیا افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے صورتحال کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے اور افغانستان سے باہر ایک طبقہ اسپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے اور افغانستان میں امن عمل ہماری کوششوں سے ہی بڑھا ہے۔ افغانستان میں تشدد میں اضافے پر ہمیں تشویش ہے لیکن ہم افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے پابندیوں پر نظرثانی کے لیے بات جاری ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے روشن ڈیجیٹل اسکیم کا آغاز کیا۔ جولائی میں 2 ارب ڈالر سے زیادہ ترسیلات زر آئیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button