تمام منی ٹریل دینے کیلئے تیار ہوں،عاصم سلیم باجوہ کا اعلان

لاہور(نیوز ڈیسک)چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ فورم پر منی ٹریل دینے کیلئے تیار ہوں، بیرون ملک کاروبار کرنے والے بھائیوں کے پاس بھی تمام منی ٹریل موجود ہے، میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور چئیرمین سی پیک اتھارٹی جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے اثاثوں سے متعلق لگائے الزامات کی تردید کی گئی ہے۔اس حوالے سے ان کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کی گئی۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ اپنے خلاف تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتاہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ جس طرح انہوں نے اپنے اور خاندان کے کاروبار کی تمام تفصیلات جاری کی ہیں، پاکستان میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ہر چیز کی منی ٹریل موجود ہے۔جبکہ بیرون ملک کاروبار کرنے والے ان کے خاندان کے افراد کے پاس بھی تمام منی ٹریل اور دیگر تفصیلات موجود ہیں۔ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کسی متعلقہ فورم پر بلایا جائے تو وہ منی ٹریل فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے میرے اور اہلخانہ کیخلاف الزامات کی کوشش بےنقاب ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمالیہ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی میں میرے بیٹے کے 50 فیصد شیئرز ہیں جس نے گزشتہ تین سال میں 5 لاکھ روپے کامنافع کمایا۔عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ باجوکو گلوبل منیجمنٹ کی پاپا جونز پیز چین میں کوئی ملکیتی مفاد نہیں ، خبر میں غلط الزام لگایا گیا کہ باجو کو 99 کمپنیوں کی مالک ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 18سال کے عرصہ میں میرے بھائیوں نے تقریباً 70 ملین ڈالر کے اثاثے اور فرانچائزز خریدیں ،70 ملین ڈالر میں سے تقریباً 60 ملین ڈالر بینک کے قرضے اور دیگر مالیاتی سہولیات شامل ہیں۔ 18سال میں میرے بھائیوں اور اہلیہ کی کیش سرمایہ کاری 73 ہزار امریکی ڈالر ہے۔معاون خصوصی نے بتایا کہ میرے بھائیوں کی 54 ہزار امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا مکمل ریکارڈ موجود ہے، میرے 2 بھائی ڈاکٹر ،ایک بھائی امریکی بینک میں نائب صدر رہا۔انہوں نے کہا کہ کاروبار سے قبل میرا ایک بھائی امریکی ریسٹورنٹ آپریٹنگ کمپنی میں کنٹرولر اور ایک پارٹنر رہا، کیا اتنے اہم عہدوں پر موجود لوگ 54 ہزار امریکی ڈالرز کی بچت نہیں کرسکتے؟

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button