سونے کی قیمت کے حوالے سے بڑی خبر
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کی قیمت دو روز کے دوران 57 ڈالر گر گئی، پاکستان میں سونے کے نرخ میں معمولی اضافہ ہوگیا۔آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج (جمعرات کو) مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 100 روپے اضافے سے ایک لاکھ 15 ہزار 300 روپے پر آگئی جبکہ 10 گرام سونا 86 روپے مہنگا ہوکر 98851 روپے کا ہوگیا۔گزشہ روز پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ڈھائی ہزار روپے کی کمی واقع ہوئی تھی۔ پاکستان میں اگست کے پہلے ہفتے میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی، جس میں اب تک 16
ہزار 800 روپے کی کمی واقع ہوچکی ہے۔کرونا وائرس کی وباء کے دوران لوگوں کا سرمایہ کاری کیلئے رجحان سونے کی جانب ہے، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان تھا، تاہم روس کی جانب سے کرونا وائرس کی ویکسین بنانے کے دعوے کے بعد سنہری دھات کی قیمت میں کمی واقع ہونا شروع ہوئی۔عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا دو روز کے دوران 57 ڈالر کمی سے 1933 ڈالر پر آگیا، گزشتہ روز سونے کے بین الاقوامی ریٹ 31 اور آج 26 ڈالر کم ہوگئے۔ اس سے قبل انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کے نرخ 2054 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے تھے۔صراف ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی 20 روپے کمی سے 1380 روپے جبکہ دس گرام نرخ 17 روپے کم ہوکر 1183 روپے پر آگئے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 0.65 ڈالر سستی ہوکر 27 ڈالر کی ہوگئی۔پاکستان میں یکم جولائی 2020ء کو سونے کے فی تولہ نرخ ایک لاکھ 5 ہزار 200 روپے جبکہ مقامی مارکیٹ میں یکم جنوری 2020ء کو سونے کی قیمت 88 ہزار 150 روپے تھی۔