جھنڈیوں، پاجامے اور بدصورت کارٹونز پر قومی پرچم کی اشاعت بے حرمتی، 3سال سزا کا اعلان

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے مختلف رنگوں اور بدصورت کارٹونز پر قومی پرچم کی اشاعت بے حرمتی قرار دے دی ، قومی پرچم کو زمین پر چھونے سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ، قومی پرچم کو اندھیرے میں بھی نہ لہرایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے جھنڈیوں ، پاجامے اور کارٹون نما کھلونوں پر قومی پرچم کے عکس کے خلاف دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ پرچم کی مختلف رنگوں میں اشاعت اور بدصورت کارٹونز پر سبز ہلالی پرچم کا عکس بے حرمتی کے زمرے میں آتا ہے ، اس کی بے حرمتی پر تعزیرات پاکستان کی

دفعہ 123 بی لاگو ہوتی ہے جس کی سزا 3 برس قید ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ یہ محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں ، قومی پرچم ایسی ریاست کی نشاندہی کرتا ہے جس میں تمام شہری برابر ہیں ، یہ پرچم ملکی سالمیت کے تحفظ کی علامت ہے ، جس کا سبز اور سفید رنگ امن اور خوشحالی کی نشانی ہے ، قومی پرچم کی جڑیں اسلام کے ابتدائی دنوں سے منسلک ہیں۔دوسری طرف ملک بھر میں یوم آزادی کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں اور جشن آزادی سے پہلے ہی ہر گلی ، محلے میں جیسے سبز ہلالی پرچموں کی بہار آئی ہوئی ہے ، ہر جگہ اسٹالز دکھائی دے رہے ہیں اور عوام کا جذبہ دیدنی ہے۔گھر، گھر گلی گلی بازاروں میں جشن آزادی کی تیاریاں قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں عمارتیں اور گلیاں ، سبز ہلالی پرچم سے سجائی جارہی ہیں اسٹالوں پر پرچموں ، جھنڈیوں، بیجز، کیپس اور یوم آزادی کی شرٹس کی خریداری میں بچے، نوجوان، خواتین دلچسپی لے رہی ہیں ، ٹی وی او رریڈیو پر جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف پروگرام پیش کیے جارہے ہیں اور قومی نغمو ں کی گونج سنائی دے رہی ہے ۔ ہر محب وطن پاکستانی جشن آزادی منانے کے لئے پرجوش نظر آتی ہے، یوم آزادی سے پہلے ہی لوگوں کی بڑی تعداد کو پرچم اور جھنڈیوں کی خریداری کرتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ اس موقع پر وزارت صحت نے تقریبات کے انعقاد اور شرکت کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button