عبدالقیوم نیازی صرف6 ماہ کیلئے وزیر اعظم، 6 ماہ بعد نیا وزیراعظم منتخب کیا جائیگا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عبدالقیوم نیازی صرف 6 ماہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم رہیں گے ۔سینئر صحافی رانا عظیم کا دعویٰ،نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار رانا عظیم کا کہنا ہے کہ ہمیں وزیراعظم کو داد دینی چاہئے کہ جب پنجاب کی باری تھی تو وزارت اعلیٰ کے بڑے تگڑے امیدوار بھی سائیڈ پر ہو گئے اور اچانک عثمان بزدار سامنے آ گئے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی بڑی پاور اور پیسے والے لوگ موجود تھے مگر سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم بنا دیا گیا۔میری دو گروپوں کے ذمہ داران سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا نیازی 6 ماہ وزیراعظم رہیں گے اس کے بعد نیا وزیراعظم ہو گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے امیدوار سردار عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیر اعظم منتخب ہو گئے۔سردار عبدالقیوم نیازی کو 33 ووٹ ملے ہیں، ان کے مقابل متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 15 ووٹ لئے ہیں۔اس سے قبل نو منتخب اسپیکر چوہدری انوار الحق کی صدارت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا اور ان کے نام کا اعلان کیا گیا، دریں اثنا سینیٹر فیصل جاوید نے پی ٹی آئی کے امیدوار سردار عبدالقیوم نیازی کو آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ‘الحمدللہ سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد اور ڈھیروں دعائیں’۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آپ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اپنی ٹیم کے ساتھ کشمیریوں کے حقوق کے لیے اعلیٰ کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی کشمیر میں حقیقی تبدیلی لیکر آئیں گے۔علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے عبدالقیوم نیازی کو آزاد کشمیر کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ جاری بیان میں دونوں رہنمائوں نے کہا ہے کہ عبدالقیوم نیازی کا بطور آزاد کشمیر وزیراعظم انتخاب ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر قیادت اور قانون ساز اسمبلی کی اراکین کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم کی قیادت میں آزاد کشمیر ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو گا اور عوام کو درپیش مسائل حل ہونگے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button