سی پیک اتھارٹی کے نئے سربراہ سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سی پیک اتھارٹی کے نئے سربراہ سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک امور تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔اس حوالے سے معاون خصوصی شہباز گل کے مطابق خالد منصور بطور معاون خصوصی برائے سی پیک امور ذمہ داری سنبھالیں گے۔خالد منصور خوش آمدید اور اللہ آپکا حامی و ناصر ہو۔ جبکہ خالد منصور کی تعیناتی کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر اور ماہرہ معیشت مزمل اسلم کی جانب سے بھی ٹوئٹس کیے گئے ہیں۔اپنے ٹوئٹ میں اسد عمر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خالد منصور کو سی پیک افیئر

کا معاون خصوصی بننے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔خالد منصور کارپوریٹ تجربہ کار، چینی کمپنیوں کے ساتھ سی پیک کے بڑے منصوبوں پر براہ راست شامل رہے ہیں، سی پیک کو آگے لے کر جانے میں ان کا وسیع تجربہ مدد گار ثابت ہو گا۔ جبکہ مزمل اسلم کے مطابق خالد منصور حبکو کے سابق سربراہ رہ چکے اور توانائی سیکٹر کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا گیا۔اپنے پیغام میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے اہم ادارے کو مستقبل کے سمت کا تعین کرتے ہوئے تمام سی پیک منصوبوں کے لیے ونڈو کے طور پر اٹھانے اور چلانے کا موقع دیا۔یہ سب کچھ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کے مکمل اعتماد اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ سی پیک کی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا، میری نیک خواہشات خالد منصور کیلئے ہیں جو اسے آگے لے جانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ سی پیک پاکستان کے لیے لائف لائن ہے، یہ انشاء اللہ ہمیں ترقی یافتہ اور مکمل طور پر ترقی یافتہ ملک میں بدل دے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button