ایف اے ٹی ایف بل پارلیمنٹ سے ہر حال میں منظور ہوگا، وزیراعظم نے ایسی حکمت عملی بنالی کہ سب ششدر رہ گئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف بل ہر حال میں منظور کروائیں گے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ فیٹف بل پاس کروانے کے بدلے کیسز ختم کیے جائیں، اپوزیشن پارلیمنٹ کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کررہی ہے، حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے حکومتی و اتحادی سینیٹرز نے ملاقات کی ۔سینیٹ قوانین کی منظوری سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔وزیراعظم نے سینیٹرز کو بل منظور کروانے کیلئے اہم ضروری ہدایات دیں۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فیٹف بل کو ہر حال میں منظور کروایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کروائی جائے گی۔ہمیں ہر حال میں فیٹف قانون سازی کرنی ہے، تمام ارکان اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سابقہ حکومت کے دور میں گرے لسٹ میں آیا، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان بلیک لسٹ میں جائے۔ اپوزیشن چاہتی ہے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے باہر نہ نکلے۔ اپوزیشن پارلیمنٹ کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کررہی ہے۔ حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔ یہ چاہتے ہیں بل پاس کروانے کیلئے ان کے کیسز ختم کیے جائیں۔ چوری بچانے کیلئے سب آپس میں مل چکے ہیں۔اپوزیشن کی این آر او لینے کی ڈیمانڈ کبھی پوری نہیں ہوگی۔ بل کی منظوری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف بل قانون سازی تحریک انصاف کا نہیں پاکستان کا معاملہ ہے۔ ایف اے ٹی ایف بل منظورکروانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا اپوزیشن پر الزام قابل مذمت اور براہ راست دھمکی ہے۔وزیراعظم کے بیان پر پی پی پی رہنماء نفیسہ شاہ نے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم کا اپوزیشن پر الزام قابل مذمت اور برائے راست دھمکی ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ سلیکٹیڈ وزیراعظم اس طرح کے بیانات دیکر اپوزیشن پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، یہ سب کے سامنے ہے کہ پیپلزپارٹی نے فیٹف کی آڑ میں ترامیم دیکر بلز کی حمایت کی۔ پیپلزپارٹی فیٹف کی آڑ میں غیر قانونی اقدامات کی اجازت نہیں دے گی۔