گرفتاریوں سے بچنے کی تیاریاں، شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات آنے والے دنوں میں ہونے والی بڑی گرفتاریوں سے بچنے سے متعلق تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملے اور آج ان کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی ہے اور یہ ایک نہایت اہم ملاقات تھی اور اس کا جو اعلامیہ جاری ہوا ہے دراصل وہ باتیں اندر ہوئی ہی نہیں۔دراصل آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات آنے والے دنوں میں ہونے والی بڑی گرفتاریوں سے بچنے سے متعلق تھی۔عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ
شہباز شریف اور آصف زرداری سمجھتے ہیں کہ اگر یہ حکومت رہی تو ہم نہیں رہیں گے۔کیونکہ نیب نے دونوں جماعتوں کی سیاسی قیادت کو گرفتار کر لینا ہے یہ اطلاع نیب سے کسی نے آصف زرداری کے ایک بہت بڑی رئیل اسٹیٹ کے ٹائیکون کو پہنچائی ہے۔کیونکہ وہ کسی دور میں ان کے مڈل مین اور گارنٹر تھے لیکن اب ان کے بھی بس میں نہیں رہا۔واضح رہےدونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی،رہنما پیپلزپارٹی نوید قمر کا کہنا تھا کہ شہبازشریف مشکل وقت میں زخموں پر مرحم رکھنے کے لیے کراچی آئے ہیں، صرف سندھ نہیں دیگر صوبوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے، یہ وقت مل کر کام کرنے کا ہے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں،نوید قمر کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن کو مل کر ایک مشترکہ لائحہ عمل بنانا چاہیے تھا، اب وقت آگیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ دی جائے۔فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ وفاقی پارلیمانی نظام کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو نتیجہ بھیانک ہوگا، بنیادی جمہوی اصولوں اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے مل کر کام کریں گے۔