کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران شراب کی آن لائن ڈیلیوری کا انکشاف

کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوران شراب کی آن لائن ڈیلیوری کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شراب فروخت کرنے والے افراد نے لاک ڈاؤن کے دوران کراچی میں اضافی رقم کے عوض شراب کی آن لائن ڈیلیوری شروع کر دی۔ شاہ فیصل کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شراب ڈیلیور کرنے والی گاڑی پکڑی اور اس میں موجود شراب کی بوتلوں کی بڑی تعداد برآمد کر لی۔ذرائع پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی شراب کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو مشکوک پا کر اس کی تلاشی لی تو شراب برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق شراب ڈیلیور کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ میں گاڑی کے پاس کھڑا تھا، میرے دو ساتھی رزاق اور شازم کہیں گئے ہوئے تھے ، وہ شراب فروخت کر رہے تھے جب پولیس نے کارروائی کی اور مجھے گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ ایک ماہ قبل ضلع مظفرگڑھ میں ڈھائی کروڑ کی غیر ملکی شراب سے بھرا ٹرک پکڑا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مظفرگڑھ میں پولیس تھانہ سرورشہید نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی کروڑمالیت کی غیرملکی شراب کا پورا ٹرک پکڑ لیا۔ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ڈی ایس پی کوٹ اڈو نے کہا کہ انتہائی مہنگی شراب کی 1280 بوتلیں برآمد کی گئی ہیں، شراب کوئٹہ سے ملتان لے جائی جارہی تھی۔ جبکہ جون کے مہینے میں وفاقی دارالحکومت میں ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے شراب کی بڑی کھیپ اور ملزمان پکڑ لیے ۔ ملزمان ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرتے تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں پولیس نے ایک ایسا ٹینکر پکڑا جو شراب سے بھرا ہوا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹینکر میں 25 ہزار سے زائد لیٹر شراب موجود تھی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان پٹرول کی آڑ میں اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، لاہور اور خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں شراب سپلائی کرتے تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button