شوہر کو شوہر ہی سمجھنا چاہئیے اور ایک درجہ اوپر دینا چاہئیے، اداکارہ صدف کنول

کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان کی ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے حال ہی میں اپنے شوہر شہروز سبزواری کے ہمراہ ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے ازدواجی زندگی کے حوالے سے بات چیت کی۔ صدف کنول نے کہا کہ اپنے شوہر کو شوہر سمجھیں اور شوہر کا درجہ اوپر ہونا چاہئیے کیوںکہ وہ آدمی ہے، وہ بیوی کو کھلاتا ہے، بچوں کو سنبھالتا ہے، میں بھی اگرچہ کام کرتی ہوں لیکن شوہر کے مقابلے میں نہیں آسکتی۔صدف کنول نے کہا کہ پاکستان کی سماجی روایات اور ثقافات یہ ہیں کہ شادی شدہ خاتون کو نہ صرف شوہر کے کپڑے استری کرنے ہوتے ہیں بلکہ ان کے جوتے بھی اٹھانا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں شوہر کے کپڑی استری نہیں کرتی اور نہ ہی انہیں جوتے اٹھا کر دیتی ہوں لیکن مجھے معلوم ہوتا ہے کہ شیری کو کب، کس وقت کون سی چیز کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسا علم ہر خاتون کو ہونا چاہئیے۔صدف کنول نے فیمنزم اور عورت مارچ کے معاملے پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ میں اس معاملے پر بحث نہیں کروں گی تاہم اتنا ضرور کہنا چاہتی ہوں کہ ایک بیوی کو اپنے شوہر کی تمام ضروریات اور چیزوں کا علم ہونا چاہئیے۔ بیوی ہونے کے ناطے ہر خاتون کو معلوم ہونا چاہئیے کہ ان کے شوہر کے کپڑے کہاں ہوتے ہیں، ان کے شوہر کی کیا ضروریات ہیں اور یہ کہ وہ ان ساری چیزوں کا خیال رکھتی ہیں۔بطور بیوی اور عورت ہونے کے ناطے ایک خاتون کو یہ بھی علم ہونا چاہئیے کہ ان کے شوہر کو کون سے کھانے پسند ہیں اور وہ کب غذا کھانا چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی صدف کنول کا کہنا تھا کہ یہ لازمی نہیں ہے کہ شوہر کو اپنی بیوی کی چیزوں اور ضروریات کا علم ہونا چاہئیے، ہاں مگر بیوی پر یہ لازم ہے۔ جو شوہروں کی ضروریات کے خیالات کو غیر اہم سمجھتی ہیں وہ ایک طرح سے لبرلز ہوتی ہیں۔نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں ایک سوال کا جواب میں صدف کنول نے کہا میرا ماننا ہے کہ آپ اپنے شوہر کو شوہر سمجھیں اور شوہر کا درجہ اوپر ہونا چاہئیے ۔ صدف کی بات پر اتفاق کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے کہا کہ مرد بھی عورت کا مقابلہ نہیں کرسکتا، وہ ذمہ داری صرف عورت ہی ادا کرسکتی ہے، مرد اس کے قریب بھی نہیں جاسکتا۔

شہروزسبزواری کا کہنا تھا کہ اللہ نے شوہر اور بیوی دونوں کو علیحدہ علیحدہ مقام دیا ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو اللہ دو مختلف انسان کیوں بناتا، اگر سب نے ایک جیسا ہی ہونا ہوتا تو دو مختلف انسان نہ ہوتے لہٰذا دونوں کو ایک دوسرے کو عزت دینی چاہئیے اور ایک دوسرے کا مقام سمجھنا چاہئیے ، یہ بھی برابری ہی ہے۔اپنی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف کے حوالے سے شہروز سبزواری نے کہا کہ سائرہ یوسف کوئی عام خاتون نہیں بلکہ میری بیٹی نورے کی ماں ہیں، اس لیے مرتے دم تک ان کی عزت کرنا مجھ پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹی 7 سالہ نورے صدف کنول کے ساتھ

بھی فری ہیں اور دونوں میں گہرا تعلق قائم ہو چکا ہے، کیوں کہ صدف نے نورے کو میک اپ کی چیزیں دیں اور انہیں میک اپ کرنا سکھایا۔ ماڈل و اداکارہ صدف کنول اور ان کے شوہر شہروز سبزواری کے اس انٹرویو کے مختلف ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صدف کنول ٹویٹر پر اس وقت ٹاپ ٹرینڈ کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے صدف کنول کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے جبکہ کچھ صارفین نے صدف کنول کے خیالات کی حمایت بھی کی۔ یاد رہے کہ صدف کنول اور شہروز سبزواری نے مئی 2020ء میں شادی کی تھی، اس سے قبل دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں تھیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button