بی آر ٹی کی ایک اور بس میں آگ بھڑک اٹھی
پشاور(نیوز ڈیسک ) حیات آباد فیز 6 میں بی آر ٹی بس میں اچانک پھر آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حیات آباد فیز 6 میں بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم فائر فائٹرز اور ویکل نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا اور آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بی آر ٹی ترجمان کے مطابق بس میں لگی وائرنگ شاٹ ہونے سے آگ لگی تاہم پھر بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔اس حوالے سے واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کی حکومت کی طرف سے حال ہی میں شروع کی گئی بی آر ٹی بس سروس مختلف فنی خرابیوں کا شکار ہونے لگی ہے ،
جہاں چند روز قبل بھی بی آر ٹی کی ایک بس تہکال اسٹیشن کے قریب خراب ہوگئی تھی ، جہاں ٹریک پر رواں دواں بس اچانک تہکال اسٹیشن کے قریب پہنچ کر رک گئی تھی جس کے بعد حکام کی طرف سے کافی تگ و دو کے بعد بھی بس میں ہونے والی فنی خرابی کا پتا نہ چل سکا اور بعد ازاں تمام مسافروں کو وہیں پر اتارنا پڑا جبکہ 2,3 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بس وہیں پہ خراب کھڑی رہی ۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی حیات آباد میں ہی بی آر ٹی کی بس میں آگ لگ گئی تھی جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا جب کہ آگ بس کے ائیرکنڈیشنر میں لگی تھی۔