مولانا طارق جمیل سے ملاقات کرنے والاجگر کے عارضہ کا شکار بچہ خالق حقیقی سے جا ملا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل سے ملاقات کرنے والا جگر کے عارضہ میں مبتلا بچہ خالق حقیقی سے جا ملا۔ بچے کے انتقال پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی اور بچے کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی۔ یاد رہے کہ جگر کے عارضہ میں مبتلا بچے نے مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے بیمار بچے کی خواہش پوری کی اور خود ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔دس روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر مولانا طارق جمیل

کے اکاؤنٹ پر تصاویری پوسٹ شئیر کی گئی تھی۔ انسٹا گرام پر مولانا طارق جمیل کے اکاؤنٹ پر ایک بچے کے ساتھ ان کی تصاویر اپ لوڈ ہوئیں۔انسٹا گرام پر مولانا طارق جمیل کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تصاویر میں مولانا طارق جمیل کو بچے سے خوش دلی سے ملاقات کرتے اور مسکراتے ہوئے بچے کا ہاتھ پکڑے دیکھا گیا۔تصاویری پوسٹ پوسٹ کے کیپشن میں تحریر تھا کہ مولانا طارق جمیل نے گزشتہ روز خصوصی طور پر اس بچے سے ملاقات کے لیے اسلام آباد کا سفر کیا ، اس بیمار بچے نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مولانا صاحب سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ بچے کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی خواہش کے اظہار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مولانا صاحب کی جانب سے بچے کا پتہ معلوم کرنے کی درخواست کی گئی تھی، بچے کا پتہ معلوم کرنے میں 4 دن لگے جو کہ اس وقت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) اسلام آباد میں داخل ہے، بچے کا آپریشن آج کیا جائے گا۔ جس کے بعد مولانا طارق جمیل گذشتہ شب اس بچے سے ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچے اور اسپتال میں بچے سے مل کر اس کی خواہش کو پورا کیا۔مولانا طارق جمیل نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے اپنے مداحوں سے درخواست کی وہ اس بچے کے لیے دعا کریں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی این جی او ”میک اے وش” نے کینسر کے مرض میں مبتلا سترہ سالہ شاہ زیب انور کی مولانا طارق جمیل سے ملنے کی خواہش پوری کی تھی۔ اس این جی او نے کراچی میں کم عمرمداح کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات کروائی تھی۔ ملاقات کے دوران شاہ زیب کی خوشی دیدنی تھی، مداح نے مولانا طارق جمیل کو نعت بھی سنائی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button