ڈالر 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی (نیوز ڈیسک)انٹربینک میں ڈالر7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ درآمدی ادائیگیوں میں اضافے کے باعث ہوا، انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 54 پیسے اضافہ ہوا، اور ڈالر 161 روپے 48 پیسے کا ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق درآمدی ادائیگیوں میں اضافہ ہونے سے انٹربینک میں ڈالر7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل اور اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے درآمدات مسلسل مہنگی ہورہی ہے، جس کے باعث ڈالر کی طلب بھی بڑھنے کا رجحان جاری ہے۔ انٹربینک میں ڈالرایک روپیہ 54 پیسے اضافے سے7 ماہ کی بلند ترین سطح 161 روپے 48 پیسہ پر بند ہوا۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت بڑھ جانے سے اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک روپیہ 70 پیسے اضافے سے 162 روپے میں فروخت ہوا۔ دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی میں اضافے سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 7 سستی ہوئیں۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مزید0.41 فیصد اضافہ ہوا، جس کے ساتھ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 12.42 فیصد ہوگئی ہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر، پیاز، چینی، لہسن ، آلو مہنگے ہوئے، انڈے، چاول، آٹا، دودھ ، دہی بھی مہنگے ہوئے۔ٹماٹر 5 روپے 8 پیسے، پیاز 2 روپے 92 پیسے فی کلو، لہسن 5 روپے 95 پیسے مہنگا ہوا۔ ایک ہفتے میں چینی 3 روپے 4 پیسے فی کلو اور گھی 20 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 816 روپے کا ہوگیا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 102 روپے 67 پیسے اور انڈے 2 روپے 88 پیسے فی درجن مہنگے ہوگئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 7 اشیاء سستی ہوئیں، کیلا 7 روپے 27 پیسے سستا ہوا، زندہ مرغی فی کلو مرغی 6 روپے 66 پیسے فی کلو سستی ہوئی، دال مونگ، دال ماش، دال چنا اور دال مسور کی قیمت بھی کم ہوئی، ایک ہفتے میں 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔دوسری جانب وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ای سی سی اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 3 بنیادی اشیا ضروریہ مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ کردیا گیا، اب یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 68 کی بجائے 85 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی، اسی طرح 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 150 روپے مہنگا کردیا گیا ہے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 950 روپے کردی گئی ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 170 روپے فی کلو کی قیمت پر ملنے والے گھی کی نئی قیمت 260 روپے مقرر کردی گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button