اربوں کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں بارش کا پانی ٹپکنے لگا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بارش کے پانی سے چھت ٹپکنے لگی اور ائیرپورٹ برساتی نالے کا منظر پیش کرنے لگا۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بارش کے پانی سے چھت کی سیلنگ ٹپکنے لگی جس کے کچھ دیر بعد ہی چھت کی سیلنگ کا کچھ حصہ زمین پر آ گرا۔ امیگریشن سمیت متعدد کاؤنٹرز کی چھتوں سے پانی اندر آیا۔بارش کے پانی سے نہ صرف چھت پر لگی قیمتی سیلنگ گر گئی بلکہ پانی اندر آنے سے کمپیوٹرز اور دیگر قیمتی الیکٹرونکس بھی ناکارہ ہو گئے۔ ائیرپورٹ پر نصب کمپیوٹر اور دیگر آلات بھی جل گئے۔ بارش کا پانی ائیرپورٹ کے اندر داخل ہونے کے

بعد ائیرپورٹ کا عملہ بے یارو مدد گار کھڑا انتظامیہ کی ناکامی اور کارکردگی کا پول کُھلنے کا منظر دیکھتا رہا۔ائیرپورٹ پر بارش کا پانی داخل ہونے اور آبشار کا منظر پیش کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس کے بعد ائیرپورٹ انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ویڈیو میں سیلنگ ٹوٹنے اور بارش کا پانی اندر داخل ہونے کے مناظر دیکھے گئے۔واضح رہے کہ ہر سال مون سون کی بارشوں کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پانی اندر داخل ہو جاتا ہے اور چھتیں ٹپکنے لگتی ہیں لیکن آج تک انتظامیہ نے مون سون کے دنوں میں ہونے والی بارشوں کے پیش نظر کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے یہی وجہ ہے کہ رواں سال بھی بارش کا پانی اندر داخل ہوا اور قیمتی سامان جل کر ناکارہ ہو گیا۔جس سے صاف ظاہر ہے کہ 115 ارب روپے کے منصوبے پر انتہائی ناقص میٹیریل استعمال کیا گیا۔ یاد رہے کہ یکم مئی 2018ء کو اُس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 13 سال میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کیا تھا۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء سمیت پی آئی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔اس ائیر پورٹ پر سب سے پہلے کراچی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جہاں سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز بروز جمعرات 3 مئی 2018ء سے

ہوا۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے ۔اس رن وے پر اے تھری ایٹی سمیت دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دُھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔ جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کا ڈیزائن جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا تھا جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ اسلام آباد یہ نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر،

ایک بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ وغیرہ موجود ہیں۔اس کے علاوہ نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے سیلف چیک ان کاؤنٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ۔ایئرپورٹ پر کارگو ویلیج بھی بنایا گیا جبکہ گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز نے بھی اپنے کام کا آغاز کیا۔ پاکستان کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سکیورٹی پر ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں۔اس کے علاوہ سکیورٹی کو مزید بہتر اور فول پروف بنانے کے لیے جدید ترین لیزر سکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا تھا لیکن گذشتہ کچھ سالوں میں بارشوں کا پانی داخل ہونے کے بعد ائیرپورٹ کا سارا نظام درہم برہم ہو گیا ہے جبکہ انتظامیہ نے بھی اس حوالے سے کوئی قابل تعریف کام نہیں کیے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button