امارات واپس جانیوالے پاکستانیوں کیلئے انٹری پرمٹ کی شرط ختم
ابوظبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اعلان کر دیا ہے کہ آج کے روز سے امارات واپس آنے والوں کو انٹری پرمٹ بنوانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اعلان کے اماراتی ویزہ ہولڈرز جو اس وقت امارات سے باہر مقیم ہیں، اگر ان کے پاس کارآمد ویزہ ہے تو انہیں امارات واپس آنے کے لیے کسی انٹری پرمٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔اس سے پہلے فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ(ICA) کی جانب سے مملکت واپس آنے کے لیے انٹری پرمٹ حاصل کرنے کی جو شرط عائد کی گئی تھی، وہ اب ختم کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد اماراتی ریاستوں ابوظبی، شارجہ، عجمان، راس الخیمہ،
اُم القوین اور فجیرہ کے ویزہ ہولڈرزانٹری پرمٹ کے بغیر امارات داخل ہو سکیں گے۔ البتہ دُبئی کے ویزہ ہولڈرز پر انٹری پرمٹ حاصل کرنے کی پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔آج کے روز سے تمام ویزہ ہولڈرز بغیر کسی پرمٹ کے سوائے دُبئی کے باقی تمام ایئرپورٹس پر اُتر سکیں گے۔ تاہم مسافروں کوامارات آنے سے پہلے ویب سائٹ uaeentry.ica.gov.ae. پر اپناکار آمد آئی ڈی، پاسپورٹ نمبر اور شہریت سمیت دیگر سفری دستاویزات اپ ڈیٹ کرانا ہو گی۔دستاویزات کے اپ ڈیٹ ہونے کے بعد ویزہ ہولڈر کو مستند لیبارٹری سے اپنا پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹو موصول ہونے کے بعد 96 گھنٹوں کے اندر اندر امارات کا سفر کرنا ہو گا۔ ورنہ نئی ٹیسٹ رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔اس اعلان کے بعد سے آج صبح سے ICAکی ویب سائٹ بہت مصروف ہو گئی ہے۔ نیشنل کرائسزاینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ امارات میں تعلیمی اداروں کی موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے والی ہیں اس کے علاوہ تجارتی اور سماجی سرگرمیاں بھی معمول کی جانب لوٹ رہی ہیں۔اسی وجہ سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو وطن واپسی کی سہولت دینے کے لیے انٹری پرمٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ NCEMA کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امارات پہنچے والے تمام مسافروں کا کورونا کا لیب ٹیسٹ ہو گا اور انہیں قرنطینہ ضوابط کی پابندی بھی کرنی ہو گی، اس کے علاوہ صحت و تندرستی سے متعلق Al Hosn ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا بھی لازمی ہو گی۔ ٹورسٹ ویزہ رکھنے والوں کو فی الحال ابوظبی آنے کی اجازت نہیں تاہم وہ دُبئی ایئرپورٹ کے ذریعے امارات میں داخل ہوسکتے ہیں۔
البتہ دُبئی آنے والے سیاحوں کو اپنے ملک کی مستند لیبارٹری سے کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔ اس کے علاوہ انہیں امارات میں آمد کے فوراً بعد 14 دن قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔ اماراتی حکومت کے مطابق 19 مارچ کو فضائی آپریشنز معطل کے جانے کے وقت 2 لاکھ سے زائد اماراتی ویزہ ہولڈرز امارات سے باہر دیگر ممالک میں پھنس گئے تھے جو اب آہستہ آہستہ امارات واپس آ رہے ہیں۔