عاصم سلیم باجوہ کے مبینہ اثاثہ جات کا معاملہ، شہباز شریف نے وزیراعظم سے بڑامطالبہ کردیا
کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کے مبینہ اثاثہ جات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہونے والے شہر قائد کے دورے پر کراچی پہنچے ، دورے میں مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وفاقی وزیر احسن اقبال اورسابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھے ۔شہباز شریف میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جب ان سے صحافی نے سوال کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی جائیدادیں سے
متعلق الزامات سامنے آئے ہیں، اس پر کیا کہیں گے ؟۔جس کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران احمد نیازی دن رات اپوزیشن کو چور ڈکیت کہتا ہے، ان کی اپنی حکومت میں جو بڑٹ بڑے اسکینڈل سامنے آئیں ہیں وہ ان کا نوٹس لیں اور جواب دیں۔اسی حوالے سے گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہ اگر احمد نورانی کچھ نکال کر لائے ہیں تو انہیں دھمکیاں نہیں ملنی چاہئیے بلکہ الزامات کا جواب ملنا چاہئیے۔رسیدیں پیش کرنی چاہئیے اور جواب دینا چاہئیے۔ نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیتے ہیں،سی پیک کو کچھ نہیں ہوتا۔ایک فرد کے آنے جانے سے یا احتساب کا سامنا کرنے سے سی پیک کو کچھ نہیں ہو گا۔ عمران خان کو چاہئیے کہ احتساب کا بیانیہ بے نقاب ہو چکا اس کا کفن دفن کا انتظام کر لیں۔جب کہ اسی حوالے سے معاون خصوصی اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہاہے کہ میرے اور میرے خاندان کے خلاف ایک نامعلوم ویب سائٹ پر پروپیگنڈا کیا گیا ہے، گمراہ کن خبر کی تردید کرتا ہوں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میرے اور میرے خاندان کے خلاف ایک نامعلوم ویب سائیٹ پر پروپیگنڈا کیا گیا ہے،ایک انتہائی گمراہ کن خبر چھاپی گئی ہے،اس خبر کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔