سعودی عرب ، ترکی یا پاکستان ، سب سے بہتر اسلامی ملک کونسا ہے، سروے رپورٹ جاری
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان اسلامی دُنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے جو ایک مضبوط فوج اور دفاعی نظام رکھنے کے ساتھ جغرافیائی طور پر بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اسلامی ممالک میں بھی آبادی کے لحاظ سے دُنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ دُنیا بھر کے اسلامی ممالک پاکستان کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تاہم مصر میں ہونے والے ایک سروے میں مقامی باشندوں کی جانب سے جو آراء سامنے آئی ہیں ، ان میں تُرکی کو سعودی عرب پر بھی فوقیت دی گئی ہے اور پاکستان کو صرف ایک فیصد افراد نے سب سے بہتر اسلامی ملک قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک تحقیقاتی فرم اریڈا کی جانب سے مسلم ممالک
کے لیے پسندیدگی کے حوالے سے سروے کرایا گیا۔ جس میں تُرکی کو بہترین اسلامی ملک قرار دیا گیا۔حالانکہ مصر کے موجودہ صدر عبدالفتح السیسی کی تُرکی کے بارے میں رائے اچھی نہیں ہے، مگر سروے میں شریک ہونے والے مصری شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ تُرکی کو عالم اسلام کے حق میں سب سے بہتر اسلامی ملک سمجھتے ہیں، یہاں تک کہ وہ اس کے حق میں جنگ کرنے کو بھی تیار ہیں۔اریڈا کے اس سروے سے پتاچلا ہے کہ 31.4 فیصد مصری شہری ترکی کو مصر کے ساتھ سب سے بہتر مسلم ملک سمجھتے ہیں۔ جب کہ 10.4 فیصدنے سعودی عرب کو سب سے بہتر مسلم ملک قرار دیا ہے۔6.2 فیصد افراد نے متحدہ عرب امارات کے حق میں ووٹ دیا۔ 1.6 فیصدکا کہنا تھا کہ قطر سب سے بہتر اسلامی ملک ہے۔ حیرت انگیز طور پر صرف ایک فیصد مصری ایسے تھے جنہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دُنیا کا بہترین ملک ہے۔ سروے میں 0.5 فیصد نے ایران اور 9.7 نے دیگر ممالک کے حق میں ووٹ دیا۔ جبکہ 39.2 فیصد مصری شہریوں کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مسلم ملک بہتر نہیں ہے۔15.3 فیصد مصری شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر کبھی تُرکی کی کسی ملک کے ساتھ جنگ چھڑ گئی تو وہ تُرکی کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔