نوازشریف نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دے دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر میاں محمد نوازشریف نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دے دیا۔ انہوں نے شہبازشریف کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر عوام دشمن بجٹ کو منظور ہونے سے روکا جائے، معاشی ماہرین کے ساتھ مشاورت سے عوام کو بجٹ حقائق سے آگاہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔جس میں بجٹ سے متعلق بات چیت کی گئی۔ قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف نے معاشی ٹیم سے بھی وفاقی بجٹ 2021-22 سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی ہے۔

جس پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر عوام دشمن بجٹ کو منظور ہونے سے روکا جائے۔معاشی ماہرین کے ساتھ بجٹ کے اعدادوشمار سے متعلق مشاورت کریں اور عوام کو بجٹ کے اصل حقائق سے آگاہ کریں۔ بجٹ سے مہنگائی میں پِسی عوام کی زندگیوں میں مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے فلور پر ترقیاتی بجٹ استعمال نہ ہونے کا بھی معاملہ اٹھایا جائے، شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف کو حکومت کو ٹف ٹائف دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مزید برآں مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر اور وہاں کے عوام کی ترقی کے لئے کاوشوں کو سراہا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ان کی ٹیم نے کورونا وبا سے عوام کو بچانے کے جس محنت اور جذبے سے کام کیا، وہ لائق تحسین ہے۔شہباز شریف نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر ایک بار پھر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔شہباز شریف نے کہاکہ ایل او سی کے دونوں طرف کے کشمیری پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنا حقیقی ترجمان، کشمیریوں کے مفادات اور نظریے کا امین سمجھتے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق استصواب رائے کے حصول اور آزادی تک ان کے شانہ بہ شانہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کی صورتحال کے بارے میں بتایا ۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے انتخابات میں پارٹی امیدواروں سے متعلق امور پر بھی پارٹی صدر سے تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button