مون سون بارشوں میں شدت آگئی، انتظامیہ کو سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا
لاہور(نیوز ڈیسک ) سیلاب سے متعلق آگاہ کرنے والے فلڈ فورکاسٹ ڈویژن نے سیلابی ایڈوائزری الرٹ جاری کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ مون سون بارشوں میں شدت آگئی ہے جس کی بنا پر پنجاب ، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے جوکہ 100 سے 300 ملی میٹر تک ہوسکتی ہے جس کے پیش نظر دریائے کابل اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے دریائوں اور ندی نالوں میں درمیانے نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے ہدایت کی گئی ہے تمام متعلقہ محکموں کی انتظامیہ اس سلسلے
میں فوری ہنگامی اقدامات کرے تاکہ سیلاب کی صورت میں ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ سیلاب سے بچائو کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے فوری اقدامات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے ، برساتی نالوں، ڈرین اور واٹر چینلز کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں، متعلقہ حکام کو موثر اقدامات کے لئے ہائی الرٹ کردیا گیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں، تمام محکمے اربن فلڈنگ سے بچائو کے لئے موثر اقدامات کریں، واسا اور تمام ضلعی انتظامیہ بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات کریں، اربن فلڈنگ کے پیشگی سدباب کے لئے درکار آلات، مشینری اور دیگر وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے تنبیہہ کی ہے کہ اگر سڑکوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہوا تووہ متعلقہ محکموں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے کیونکہ عوام کو پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہوتا ہے ایسی صورتحال کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا ۔