مسافر گاڑی دریائے سندھ میں جاگری، متعدد افراد لاپتہ

کوہستان(نیوز ڈیسک) اپر کوہستان کے علاقہ پانی باہ کے مقام پر مسافر گاڑی دریائے سندھ میں گر گئی، جس میں 14 افراد لاپتہ ہوگئے، جب کہ ایک خاتون کی لاش مل گئی۔تفصیلات کے مطابق کوہستان میں اپر کوہستان کے علاقے پانی باہ کے مقام پر مسافر گاڑی (ہائی ایس) دریائے سندھ میں گرگئی، گاڑی میں 15 افراد سوار تھے جن میں سے ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی ہے اور باقی 14 افراد لاپتہ ہیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی چلاس کے علاقے تھل پین سے آ رہی تھی کہ پانی باہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی، گاڑی میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے، ریسکیو آپریشن جاری ہے مگر

پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اور حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ آج علی الصبح گھوٹکی کے قریب ریتی اور ڈھرکی ریلوے اسٹیشنز کے درمیان کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس جب کہ راولپنڈی سے کراچی آنے والی سرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم سے کئی بوگیاں اتر گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک 36 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر ملت ایکسپریس میں سوار تھے جبکہ سرسید ایکسپریس کے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ایس ایس پی میرپور ماتھیلو عمر طفیل کا کہنا ہے کہ حادثے میں 7 بوگیاں متاثر ہوئی ہیں جن میں 3 بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 6 سے 8 بوگیاں ایک دوسرے میں پھنسی ہوئی ہیں، ان بوگیوں میں متعدد مسافر تاحال پھنسے ہوئے ہیں۔ جنہیں نکالنے کے لیے بوگیوں کو کاٹا جارہا ہے جب کہ مقامی ریسکیو رضاکار کے علاوہ رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں اور بھاری مشینری تاحال حادثے کی جگہ پر نہیں پہنچی، معمولی زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں اپنی مدد آپ کے تحت منتقل کیا جارہا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو سکھر اور رحیم یار خان منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button