کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپیہ تگڑا ہوگیا، امریکی ڈالر کی قیمت میں زبردست کمی
کراچی (نیوز ڈیسک ) اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی بے قدری ہونے سے2 روپے سستا ہوگیا ہے، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 167 روپے کا ہوگیا ہے، انٹر بینک میں بھی ڈالر87 پیسے سستا ہوگیاہے۔فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر87 پیسے سستا ہوگیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 166.23روپے پر بند ہوا۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر روپے کے مقابلے میں دو روپے سستا ہوگیا ہے۔ڈالر سستا ہونے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 167 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 700 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد سونے
کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 17ہزار400 روپے ہوگئی ہے۔ 10گرام سونا 601روپے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 51ہزار کا ہوگیا ہے۔واضح رہے پاکستان میں کاروباری صورتحال بہتر ہونے سے سٹاک مارکیٹ بھی زبردست تیزی جاری ہے۔جس سے سرمایہ کاروں نے دو کھرب سے زائد کا فائدہ اٹھایا ہے۔ رواں مالی سال کے آغاز پر جولائی 2020ء کے دوران قومی برآمدات 2 ارب ڈالر سے تجاوزکر گئیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس ) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2019ء کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں بالحاظ مالیت (ڈالر) 14.4 فیصل اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 33.8 فیصد اور نٹ ویئرز کی برآمدات میں بھی 20.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیڈ ویئرز کی برآمدات 25.3 فیصد، تولیہ کی برآمدات 21.4 فیصد ، تیار ملبوسات کی برآمدات 18.04 فیصد، چمڑے کے دستانوں کی برآمدات میں 56.8 فیصد اور چمڑے کے ملبوسات کی ملکی برآمدات 17.4 فیصد تک بڑھی ہیں۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق غذائی اجناس کی برآمدات جولائی 2020 کے دوران 15.5 فیصد اور چاول کی برآمدات میں 23.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال کے آغاز پر قومی برآمدات کا حجم 2 ارب ڈالر سے بڑھی ہیں اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے دوران برآمدات کے مقررہ ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اس حوالہ سے حکومت جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کررہی ہے۔