گھوٹکی ٹرین حادثہ ، وزیراعظم عمران خان نے جامع تحقیقات کا حکم دے دیا

گھوٹکی (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی ٹرین حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ٹرین کا خوفناک حادثہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں 30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم عمران خان نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کوحادثے کی جگہ پہنچنے کی ہدایات کرتے ہوئے حادثے کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے حکام سے چوبیس گھنٹوں کے دوران ابتدائی تحقیقات کی رپورٹ بھی طلب کرلی ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ یاد رہے کہ رات گئے گھوٹکی اسٹیشن پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ٹریک پرموجود ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھی۔ ملت ایکسپریس کی بوگیاں الٹ کر دوسرے ٹریک پر جا گریں۔ مخالف سمت سے آنے والی سرسید ایکسپریس بوگیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثہ رات 3 بج کر 45 منٹ کے قریب ہوا، ملت ایکسپریس حادثے کے فوری بعد سرسید ایکسپریس ٹریک پر گری بوگیوں سے جاٹکرائی، ملت ایکسپریس کے ڈرائیور کو کمیونیکیشن سسٹم دستیاب ہے، سرسید ایکسپریس نے ولہار سٹیشن کو 3 بج کر 25 منٹ پر کراس کیا، ملت ایکسپریس نے ڈہرکی کو 3 بج کر 30 منٹ پر چھوڑا، ماچھی گوٹھ سے ڈہرکی تک ٹریک بوسیدہ اور مرمت کرنے والا ہے۔گھوٹکی میں پیش آنے والے افسوسناک ٹرین حادثے میں پاک فوج بھی میدان میں آ گئی ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی انجینئرز کی خصوصی ٹیم ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی سےروانہ ہوگئی ، خصوصی انجینئیرز کی ٹیم امدادی کاموں کی رفتارمزید تیزکرے گی جبکہ زخمیوں کی مدد کے لیے ملٹری ڈاکٹرز، عملہ پنوعاقل سے جائے حادثہ پر ایمبولینسوں کے ساتھ پہنچ گیا ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button