حکومت نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دیدیا

کراچی ( نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دے دیا ، وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کہتے ہیں کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں بندشیں کھولنے کی طرف جا رہے ہیں ، تمام دکانداروں کو ویکسین لگوانا ہوگی اور ثبوت بھی رکھنا ہوگا ، صوبے میں اگر اسکول کھولنے ہیں تو تمام اسٹاف کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کرانے پر ہی زندگی معمول پر آئے گی ، یہ ہم سب کے فائدے کی چیز ہے ، ہم پولیس کو بھی 75 فیصد ویکسی نیٹ کر چکے ہیں ، سندھ میں یومیہ 2 لاکھ ویکسی نیشن کرانے کا ہدف ہے ،

مجموعی طور پر ہم نے تقریباً 3 کروڑ لوگوں کی ویکسی نیشن کرنی ہے ، شہریوں سے درخواست ہے کہ ویکسین لگوائیں اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے شہری ویکسین ضرور لگوائیں۔دوسری جانب کراچی کے تاجر رہنماؤں نے کہا کہ کاروبار کے اوقات 6 بجے سے بڑھا کر 8 بجے تک مقرر کیے جائیں اور ہفتے میں دو چھٹیاں ختم کرکے صرف اتوار کی چھٹی دی جائے تاکہ نقصان کو کم کیا جاسکے ، پوری دنیا میں کرونا وبا کے باعث کاروبار کا طریقہ کار تبدیل ہوچکا ہے لیکن کراچی میں اب بھی کاروبار بندش کا شکار ہے، تاجر رمضان المبارک کا انتظار کرتے ہیں اور اپنی جائیدادیں گروی رکھ کر سرمایہ کاری کرتے ہیں لیکن حکومتی پابندیوں کے باعث تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، رمضان کے آخری عشرے میں کاروبار کرنے کی اجازت دے دی جاتی تو آج 40 لاکھ یومیہ کمانے والا طبقہ کام پر ہوتا۔تاجر برادری نے کہا کہ مینا بازار میں خواتین کی چھوٹی مارکیٹ ہے جس میں تین سو سیلون ہیں، ہمارے 45 سال پرانے کاروبار سے مڈل کلاس خواتین منسلک ہیں جن کے گھر فاقہ کشی کا خطرہ بڑھ گیا ہے ، ہمیں ہماری ضروریات کے تحت کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے، آخر کب تک ہم اپنی جیب سے کرایہ اور تنخواہیں دیتے رہیں۔ میرج ہال ایسوسی ایشن کے خواجہ طارق نے کہا کہ میرج ہال سے منسلک افراد کا کاروبار اور روزگار تباہ ہوچکا ہے، یہ تیسری عید تھی جس میں اس کاروبار کو بند رکھا گیا ، جس کی وجہ سے ہمارے مزدور فاقہ کشی کا شکار ہوگئے ہیں اور ہم مسائل کا شکار ہیں اس پر حکومت نے آنکھیں بند رکھی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button