غداری کے فتوے لگانے والے سن لیں کہ اب عوام نے ڈرنا چھوڑ دیا ، مریم نواز

شیخوپورہ (نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ غداری کے الزامات کئی سال سے سنتے آ رہے ہیں ، اداروں کی سربلندی کی بات کرنے والے ہر شخص پہ غداری کا لیبل لگ چکا ہے، اگر حق کی بات کرنا آئین و قانون کی پاسداری کا کہنا غدار ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے، غداری کے فتوے لگانے والے سن لیں کہ اب پاکستان کے عوام نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے، جو آپ کے مطابق غدار ہیں ان کو 22 کروڑ عوام نے اپنا ہیرو قرار دیا ہے۔شیخو پورہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے جاوید لطیف کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ

جاوید لطیف نے آئین اور قانون اور حق کی بات کی تو غدار کہلائے، یہ جاوید لطیف کو نہیں شیخوپورہ کے عوام کو غداری کا لقب دیا گیا ہے، کیوں کہ جاوید لطیف خطرہ مول لےکر حق و سچ بات پر ڈٹے رہے، غداری کا لقب فاطمہ جناح کوبھی دیا گیا تھا ، غداری کا لقب نوازشریف اورمریم نواز کے حصے میں بھی آیا ، جو آئین و قانون کی بات کرتا ہے اسے غدار کہتا ہے ، قانون کی پاسداری غداری ہے تو ہم یہ کرتے رہیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ امریکا میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کرنے والے کو غدار کہتے ہیں، غدار وہ ہے جو کشمیر کا سودا کرکے منہ لٹکا کر ملک واپس آئے، غدار وہ ہے جو عوام کو ایک کلو چینی کے لیے لائن پر لگا دے، غدار وہ ہے جو کہے کہ سفارت خانے اچھا کام نہیں کررہے، بغض نوازشریف اور بغض ن لیگ میں اداروں پرانگلی اٹھانے والے غدار ہیں، دھونس دھاندلی کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کرنےکی کوشش کرنےوالا غدار ہے۔نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ اگر حق کی بات کرنا آئین و قانون کی پاسداری کا کہنا غدار ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے، جب تم ہار جاتے ہو تو پھر آئین اور قانون کی بات نہیں سنتے ہو اور غداری کے فتوے بانٹتے ہو، لیکن اب وقت بدل رہا ہے اور لوگوں نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے، جس کوچور اور ڈاکو کہا آج اس کا بیانیہ ملک کے کونے کونےمیں پھیل چکا ہے، ووٹ کو عزت دو نواز شریف کا بیانیہ ہے یہ بیانیہ ملک کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے ، اس کا مظاہرہ ڈسکہ الیکشن میں ہوا عوام نے رات بھر جاگ کر ووٹ پہ پہرا دیا، وہ کون سا الزام ہے جو انہوں نے نوازشریف

پر نہیں لگایا، پاکستان کے کونے کونے سے نوازشریف کے حق میں فیصلے آرہے ہیں، ڈسکہ میں عوام نے نوازشریف کے بیانیے کےحق میں فیصلہ دیا، کیوں کہ نوازشریف عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر وزیراعظم بنا تھا، عوام جان گئی ہے کہ آئین کو ماننے والے اور نہ ماننے والے کون ہیں۔قبل ازیں نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کے اہل خانہ سے ملاقات کی ، اس موقع پر دیگر ن لیگی رہنما بھی موجود تھے ، جن میں پرویز رشید، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اور طلال چوہدری شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button