سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے یا نہیں ، عید الفطر کب ہوگی؟اعلان کردیاگیا

ریاض (نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، لہٰذا عیدالفطر 12 مئی کو نہیں ہوگی۔عرب میڈیا کے مطابق مملکت میں بدھ کو 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور عیدالفطر 13 مئی جمعرات کو ہوگی۔سعودی سپریم کورٹ نے آج چاند کی رویت کے حوالے سے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ چاند نظر آنے کی شہادتیں رپورٹ کریں تاہم چاند نظر آنے کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔دوسری جانب پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بدھ کو کراچی میں ہوگا۔خیال رہے کہ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے پہلے ہی کہا ہے کہ اس سال پوری قوم ایک ساتھ روزہ رکھے گی اور ایک ساتھ عید منائے گی۔

دوسری جانب این سی او سی نے ملک بھر میں عید الفطر کی نماز کے لئے رہنما خطوط کی منظوری بھی دے دی، جس کے تحت عید کی نماز کوویڈ پروٹوکول کے ساتھ کھلی جگہوں پر منعقد کی جائے ،اگر مسجد میں نماز پڑھنی ناگزیر ہو وینٹیلیشن کے لئے کھڑکیاں اور دروازے کھول دئیے جائیں ،مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے نماز دو سے تین بار پڑھائی جائے اور نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے ، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کریں، عید کی نماز کے لیے آنے والے ماسک لازمی پہنیں۔ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں، مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کے لیے متعدد راستے رکھے جائیں، گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں،نماز کے بعد ہجوم نا بنائیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button