مسئلہ انتخابی اصلاحات نہیں، ووٹ کوعزت دینے کا ہے، نوازشریف

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ انتخابی اصلاحات نہیں، ووٹ کوعزت دینے کا ہے،سب جانتے ہیں کہ ووٹ کی عزت کو پامال کرنے اورعوامی مینڈیٹ چوری کرنے والے کون ہیں، ووٹ کی چوری کا مسئلہ حل نہیں کیا جاتا تو الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بھی آرٹی ایس بن جائیں گی۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ انتخابی اصلاحات نہیں، ووٹ کوعزت دینے کا ہے۔ سب جانتے ہیں کہ ووٹ کی عزت کو پامال کرنے اورعوامی مینڈیٹ چوری کرنے والے کون ہیں۔ اگر یہ مسئلہ حل نہیں کیا جاتا تو الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بھی آرٹی ایس بن جائیں گی۔

انتخابات میں دھونس و دھاندلی کے ذریعے فتح کو شکست اور شکست کو فتح میں بدلنے کا راستہ بند کرو۔اسی طرح مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدررانا ثناء اللہ نے کہا کہ قوم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی نہیں، ڈالر بنانے والی علیمہ باجی کی سلائی مشین کی ضرورت ہے ،عوام بے روزگار ہے ، مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور چور کرپٹ نالائق اور نااہل مداری الیکٹریک ووٹنگ مشین کی قوالی کر رہے ہیں ، سلیکٹڈ نے عوام کو ریلیف نہیں دینا کیونکہ انھوں نے الیکٹریک ووٹنگ مشین سے ووٹ لینے ہیں عوام سے نہیں۔واضح رہے اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت کے باوجود حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے صدارتی آرڈیننس لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مشیر قانون بابر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے صدارتی آرڈیننس لا سکتی ہے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں زبردست کام ہے ، الیکشن کمیشن نے سخت شرائط لگائیں تھیں جو انجینیئرز نے پوری کیں جب کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مرحلہ وار چیک کیا جاسکتا ہے ، جب کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین انٹرنیٹ پر نہیں ہے تو ہیک ہونے کے امکانات بھی نہیں ہیں ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین جس ملک میں انٹرنیٹ سے کنیکٹ تھی صرف وہاں پر مسائل آئے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button