وزیراعظم عمران خان بغیر پروٹوکول خود گاڑی ڈرائیو کرکے اسلام آباد کی سڑکوں پر نکل آئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے بغیر پروٹوکول کے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔وزیراعظم عمران خان اپنی گاڑی خود چلا کر اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، احساس ریڑی بان پروجیکٹ، رمضان سستا بازار اور دیگر پروجیکٹ کا جائزہ لیا اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے تاثرات بھی سنے، ان کے ہمراہ چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے جی 11 مرکز کا دورہ بھی کیا اور دکانداروں سے گفتگو کی۔ انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے شجرکاری مہم میں لگائے گئے پودوں کو بھی چیک کیا اور اسلام آباد میں مرمت کی گئی سڑکوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہیں چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں وزیراعظم کے زیر صدارت آئندہ بجٹ اور ملکی معیشت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، فواد چودھری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزرا ہاشم جواں بخت، تیمور سلیم جھگڑا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے تجاویز طلب کی گئیں۔اجلاس میں ملکی معیشت، مہنگائی کو روکنے کیلئے حکمت عملی اور آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگا جس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پر ہوگی۔ آئندہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز تر کرکے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے جی ڈی پی کا حجم بڑھے گا اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button