این اے 249کا ضمنی انتخاب، ن لیگ کےمفتاح اسماعیل بڑی برتری حاصل کرنے میں کامیاب

کراچی (نیوز ڈیسک) این اے 249 ضمنی الیکشن، ن لیگ کے مفتاح اسماعیل بڑی برتری حاصل کرنے میں کامیاب۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کی فتح کے امکانات بڑھنے لگے ہیں۔276 میں سے 50 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کو 4 ہزار 100 سے زائد ووٹ حاصل ہو چکے ہیں اور وہ پہلے نمبر پر ہیں۔

جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار 1700 ووٹ لے کر دوسرے نمبر ، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال 1175 ووٹ لے کر تیسرے نمبر اور تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی 925 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر ہیں۔واضح رہے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے249 میں آج ضمنی انتخاب ہوا ہے، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا، الیکشن مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل اور تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔حلقے میں مجموعی ووٹوں کی تعداد تقریباً 3 لاکھ 39 ہزار ہے، اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ خیال رہے کہ این اے 249 کی نشست فیصل واوڈا کے سینیٹر بننے کے باعث خالی ہوئی تھی، اس نشست پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، پی ایس پی اور ایم کیو ایم پاکستان کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 5 ارکانِ اسمبلی کی این اے 249 سے حلقہ بدری کے احکامات جاری کیے گئے۔پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، راجہ اظہر، سعید آفریدی، بلال غفار اور شاہ نواز جدون حلقے میں موجود تھے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ان اراکینِ اسمبلی کی موجودگی اور الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیا گیا۔ جس پر انہیں حلقے دے باہر نکال دیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button