حکومت کا قابل تحسین اقدام، مزدور کی کم از کم ماہانہ اُجرت میں زبردست اضافہ کردیا

لاہور ( نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے مزدوروں کی کم از کم اُجرت میں دو ہزار روپے کا اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب مینیمم ویجز بورڈ نے مزدوروں کی کم از کم اُجرت میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق مزدوروں کی ماہانہ کم از کم اُجرت 17500 سے بڑھا کر 19500 کر دی گئی ہے اور کم از کم روزانہ اُجرت 750 روپے مقرر کی گئی۔اس اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔ پنجاب میں کم از کم اجرت کا تعین کرنے والے بورڈ نے نوٹیفکیشن کے حوالے سے فریقین کو ایک ماہ میں اپنی تجاویز اور اعتراضات سے آگاہ کرنے کا کہا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے صوبائی وزیر لیبر پنجاب عنصر مجید خان کا کہنا تھا کہ کم از کم اجرت میں اضافہ پاکستان تحریک انصاف کی مزدور دوست پالیسیوں کا عکاس ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا ویژن کمزور اور پیسے ہوئے طبقہ کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے، موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں مزدوروں کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، محکمہ لیبر پنجاب صوبہ کے مزدوروں اوران کے اہل خانہ کو صحت ،تعلیم اور رہائشی سہولیات فراہم کر رہا ہے، آئی ٹی ریفارمز سے محکمانہ امور میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے محکمہ کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا ۔عنصر مجید خان نے مزید کہا کہ مزدروں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگودھا، تونسہ اور فیصل آباد میں سوشل سکیورٹی اسپتال قائم کیے جا رہے ہیں، رجسٹرڈ ورکرز کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمپیوٹرآئزڈ سوشل سکیورٹی کارڈز جاری کیے گئے ، مزدوروں کے ذمہ 40 روپے ماہانہ کنٹری بیوشن ختم کرکے انہیں سالانہ 4.5 ارب کا ریلیف دیا، سوشل سکیورٹی جرمانے کی مد میں صنعتکاروں کو 5.5 ارب کا ریلیف دیا گیا ہے، پنجاب وکرز ویلفیئر کے 65 سکولوں میں مزدروں کے 55 ہزار بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button