پنجاب بھر کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں عید الفطر تک چھٹیوں کا اعلان

لاہور( نیوز ڈیسک)پنجاب بھر کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں عید الفطر تک چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا، تعلیمی اداروں کو کورونا وباء کی شدت کے باعث بند کیا گیا ہے، پنجاب کے25 اضلاع میں تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ پنجاب بھر کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے عیدالفطر تک بند رہیں گے۔جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا کہ سکولوں میں چھٹیاں 29 اپریل سے عیدالفطر تک رہیں گی۔ تعلیمی اداروں کی بندش کورونا وباء کی شدت کے باعث ہنگامی حالات میں کی جارہی ہے۔

لاہور، پنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت 25 اضلاع میں پہلے ہی تعلیمی ادارے بند ہیں۔مراد راس نے کہا کہ نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کیلئے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔دوسری جانب وزیرتعلیم شفقت محمود نے 15جون تک تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے، این سی اوسی اجلاس کے بعد وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ہمیں امید تھی کہ امتحانات کا سلسلہ جاری رہے گا، لیکن آج 27 اپریل تک تیزی سے بیماری میں اضافہ ہوا ہے، ہم ایسی صورتحال کی طرف بڑھ رہے ہیں کہ ہمیں بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔آج سے 15 جون تک تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں، نویں دسویں کے امتحانات مئی کے آخر میں شروع ہونے تھے، لیکن اب وہ نہیں ہوں گے، مئی کے تیسرے ہفتے میں دوبارہ بیماری کا جائزہ لیں گے، پھر فیصلہ کریں گے کہ امتحانات کو مزید آگے لے کرجانا ہے یا امتحانات کا انعقاد کروانا ہے، امتحانات ملتوی کروانے کے بعد داخلوں کیلئے یونیورسٹیز کے ساتھ بھی ہم نے طریقہ کار طے کیا ہے، اولیول کے امتحانات اب اکتوبر نومبر میں ہوں گے، جو بچے پاکستانی یونیورسٹیز میں جانا چاہتے ہیں ان کے لیے جنوری میں داخلے ہوتے رہیں گے تاکہ ان کو کوئی مسئلہ نہ ہو۔اب باقی امتحانات دوبارہ جولائی یا اگست تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹو کے سارے بچے 20 ہزار تک ہیں، ان میں بھی چند بچوں کا ایک ایسا طبقہ ہے کہ جو مختلف مجبوریوں کی وجہ سے اگر وہ اب امتحانات نہیں دیتے تو ان کا سال ضائع ہوجائے گا، ان کی سہولت کیلئے سب وزراء نے متفقہ فیصلہ کیا کہ جن بچوں کو ڈیٹ شیٹ جاری ہوئی ہے ان کیلئے امتحان دینا ضروری ہے، تو ان کو امتحان دینے کی سہولت دی جائے، کسی بھی ہال میں 50 سے زیادہ بچے نہیں ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button