پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رحجان غالب رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو دو کھرب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق ملکی کرنٹ اکاونٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہونے اور ایکسٹرنل اکاؤنٹ بحران ختم ہونےکی اطلاعات نے سرمایہ کاری کے تمام شعبوں کا اعتماد بڑھایا جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی مستقبل میں معیشت کی بہتری کی پیشگوئیاں بھی مارکیٹ کی سرگرمیوں پراثرانداز ہوئیں۔سٹیٹ بینک کی روشن پاکستان اسکیم سے ترسیلات زر کی آمد مزید بڑھنے کی توقعات جیسے عوامل نے کیپیٹل مارکیٹ کے گراف کو بلندی کی جانب گامزن کیا۔
ہفتے وار کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں نےپر اعتماد انداز میں آئل گیس ایکسپلوریشن، سیمنٹ، اسٹیل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے زیادہ دلچسپی لی۔ہفتے وار کاروبار میں تیزی سے انڈیکس کی 41000 پوائنٹس کی نفسیاتی دوبارہ بحال ہوگئی، ہفتے کے 5روزہ کاروبار میں 4 سیشنز میں تیزی لیکن شہر میں طوفانی بارشوں کے بعد انٹرنیٹ موبائل فونز اور لینڈ لائنز کی خدمات معطل ہونے سے اختتامی ایک سیشن میں مندی رہی۔مجموعی طور پر تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں2کھرب 49ارب 11کروڑ 8لاکھ 39ہزار 166روپے کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 76کھرب 10ارب 31کروڑ 75لاکھ 59ہزار 674روپے ہوگیا۔ہفتے وار کاروبار میں کے ایس ای 100 انڈیکس1434.63 پوائنٹس بڑھ کر 41056.22 پوائنٹس پربند ہوا جبکہ کےایس ای 30انڈیکس 566.93 پوائنٹس بڑھ کر 17695.40 پوائنٹس پربند ہوا، کے ایم آئی 30انڈیکس 1597.60 پوائنٹس بڑھ کر 65322.37 پوائنٹس پربند ہوا اور کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 777.25 پوائنٹس بڑھ کر 20270.30 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔