ملک بھر میں تشویشناک صورتحال، لاہو رکے تین بڑے اسپتالوں کے آئی سی یو مکمل بھر گئے

لاہور ( نیوز ڈیسک ) عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث لاہور کے 3 بڑے ہسپتالوں کے آئی سی یو مریضوں سے بھر گئے جب کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ کی جانب سے کارروائیوں میں بھی تیزی آگئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے سروسز ہسپتال ، کوٹ خواجہ سعید اوریکی گیٹ ہسپتال کے آئی سی یوز کورونا مریضوں سے 100 فیصد تک بھر چکے ہیں جب کہ لاہور کے میو ہسپتال کا آئی سی یو 98 فیصد بھر چکا ہے ، میوہسپتال کے 84 میں سے 82 وینٹی لیٹرز پرمریض زیر علاج ہیں ، اس کے علاوہ لاہور کے ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 255 میں سے 220 وینٹی لیٹرز پر اس وقت کورونا مریض زیرعلاج ہیں۔

اسی بناء پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ کی جانب سے کارروائیوں میں بھی تیزی آگئی ہے جہاں جوہر ٹاؤن کے علاقے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چائے قوالی ریسٹورنٹ ، ٹی ہاؤس اور بھٹک ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا گیا جب کہ شہر میں بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے والوں کو چالان جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی اور اب تک ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ 65 ہزار گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان جاری کردیا گیا ، پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 مقدمات بھی درج ہوئے ، اس کے علاوہ 50 فیصد سے زائد سواریاں بٹھانے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1171 گاڑیاں بھی بند کردی گئیں ، کمشنر لاہور محمد عثمان نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے علان کیے جانے کے بعد کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی ، اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے ، اس دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے فوج کی مدد کے ساتھ ایکشن لیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں مزید 157

افراد موت کے منہ میں چلے گئے ، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار 999 تک پہنچ گئی ، جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 5 ہزار 908 نئے کیسز سامنے آگئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 90 ہزار 16 ہو گئی ، جن میں سے اس وقت ملک بھرمیں فعال کورونا کیسز کی تعداد 86 ہزار 529 بتائی گئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button